’شیاؤمی‘ کا ’ریڈمی‘ فونز بھی چارجر کے بغیر دینے کا اعلان

25 اگست 2022
کمپنی جلد ایک موبائل کو چارجر کے بغیر پیش کرے گی—فوٹو: ویب سائٹ
کمپنی جلد ایک موبائل کو چارجر کے بغیر پیش کرے گی—فوٹو: ویب سائٹ

چینی موبائل کمپنی ’شیاؤمی‘ نے اپنے برانڈ ’ریڈمی‘ کے فونز بھی مستقبل میں چارجر کے بغیر دینے کا اعلان کردیا۔

چینی موبائل کمپنی کی جانب سے یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کہ کمپنی نیا ’ریڈمی نوٹ 11 ایس ای‘ متعارف کرانے والی ہے۔

کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق ’ریڈمی نوٹ 11 ایس ای‘ کو سب سے پہلے بھارت میں متعارف کرایا جائے گا، جس کے ساتھ چارجر نہیں دیا جائے گا۔

مذکورہ موبائل میں 33 واٹ چارجنگ سپورٹ دی جائے گی مگر اس کے ساتھ چارجر نہیں دیا جائے گا، یہ واضح نہیں ہے کہ کمپنی چارجر کی کیبل بھی فراہم کرے گی یا نہیں؟

’ریڈمی‘ سے قبل ’شیاؤمی‘ نے اپنے فلیگ شپ موبائلز میں بھی چارجر نہ دینے کا سلسلہ شروع کیا تھا۔

’شیاؤمی‘ نے 2020 کے آخر میں فلیگ شپ موبائلز کے ساتھ چارجر نہ دینے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد کمپنی نے فلیگ شپ موبائل چارجر کے بغیر ہی متعارف کرائی تھیں۔

اب کمپنی نے اپنے دوسرے برانڈ ’ریڈمی‘ کے فونز میں بھی چارجر نہ دینے کا اعلان کردیا، تاہم امکان ہے کہ کمپنی اس کے مہنگے فونز میں چارجر نہیں دے گی لیکن اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

’شیاؤمی‘ سے قبل سب سے پہلے ایپل نے بعض آئی فونز میں چارجر نہ دینے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد سام سنگ نے بھی کچھ فونز میں چارجر نہ دینے کا اعلان کیا تھا۔

دونوں بڑی موبائل کمپنیز کے بعد اب ’شیاؤمی‘ نے بھی ایسا ہی اعلان کردیا، جس کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ مزید برانڈز بھی ایسے اعلانات کر سکتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں