سام سنگ کی آئی فون 12 میں چارجر نہ دینے پر دلچسپ پوسٹ

15 اکتوبر 2020
آئی فون 12 پرو اور 12 پرو میکس — فوٹو بشکریہ ایپل
آئی فون 12 پرو اور 12 پرو میکس — فوٹو بشکریہ ایپل

ایپل کے آئی فون 12 سیریز کے 4 فون رواں ہفتے متعارف کرائے گئے ہیں اور سام سنگ نے اس موقع پر سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے لگتا ہے کہ میلہ لوٹ لیا ہے۔

درحقیقت سام سنگ نے اس پوسٹ میں لگتا ہے کہ اس بات سے لطف اٹھایا ہے کہ ایپل کی جانب سے نئے آئی فونز کے ساتھ چارجر اور ایئرفون نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

جی ہاں واقعی آئی فون 12 سیریز کی کسی بھی ڈیوائس کے ساتھ صارف کو ایئرفون اور وال چارجر نہیں ملے گا، جسے کمپنی نے ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کے منصوبے کا حصہ قرار دیا ہے۔

ایپل کی حریف کمپنی سام سنگ نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایپل کی اس حکمت عملی کا مذاق ایک سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے اڑایا۔

سام سنگ کے ایک فیس بک پیج پر فون چارجر کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ اس کے گلیکسی فونز اب بھی ڈبے میں ایک چارجر کے ساتھ دیئے جارہے ہیں۔

پوسٹ میں لکھا تھا 'آپ کا گلیکسی آپ کو وہ سب فراہم کرتا ہے جس کی خواہش ہوتی ہے، یعنی سب سے بنیادی ضرورت چارجر سے لے کر بہترین کیمرا، بیٹری، کارکردگی، میموری اور ایک اسمارٹ فون میں 120 ہرٹز اسکرین'۔

یہ پہلا موقع نہیں جب سام سنگ کی جانب سے ایپل کی ڈیوائسز پر اس طرح کی پوسٹ کی گئی ہو۔

2017 میں سام سنگ کی جانب سے ایک ویڈیو جاری کی گئی تھی جس میں دکھایا گیا کہ گزشتہ دس سال سے ایپل سام سنگ کے فونز فیچر کے حوالے سے کافی پیچھے ہے۔

اس اشتہار میں 2007 سے 2017 کے دوران ایپل اور سام سنگ کے فونز کا موازنہ کیا گیا۔

اس ویڈیو کو ایپل کے ایک پرستار کی نظر سے دکھایا گیا ہے جو صحیح روشنی برسوں تک نہیں دیکھ سکا حالانکہ 'درست ڈیوائس' اس کے سامنے تھی۔

اشتہار کے بقول آئی فون کو اسٹوریج، اسٹائلوس اور بڑی اسکرین میں مشکلات کا سامنا رہا جبکہ وہ طویل عرصے تک واٹر ریزیزٹنٹ بھی نہیں تھا۔

اشتہار میں ایک خاتون سام سنگ گلیکسی کی پرستار دکھائی گئی ہیں جبکہ اس کا شوہر یا بوائے فرینڈ آئی فون سے محبت کرتا ہے۔

جو 2017 میں جاکر سمجھ سکا کہ ایپل نہیں سام سنگ کے فونز زیادہ بہتر ہوتے ہیں۔

زیادہ دلچسپ بات یہ ہے کہ سام سنگ برسوں سے ایپل کے آئی فونز کو ہیڈفون جیک ہٹانے پر مذاق کا نشانہ بناتی رہی، مگر 2019 میں گلیکسی نوٹ 10 کو 3.5 ملی میٹر آڈیو کنکٹر کے بغیر متعارف کرایا۔

جنوبی کورین کمپنی نے اس کی وجہ بھی بیان کی ہے جو نیچے درج کی جائے گی مگر اس سے زیادہ اہم بات یہ ہے کہ سام سنگ کی جانب سے وہ ویڈیوز بھی یوٹیوب سے ہٹا دی گئی ہیں جن میں آئی فونز میں ہیڈفون جیک نہ ہونے پر مذاق اڑایا گیا۔

سام سنگ کو بھی اندازہ تھا کہ ہیڈفون جیک ختم کرنے پر ردعمل سامنے آئے گا، جب ہی اس نے اس کی وجہ بھی فوری طور پر بیان کی ہے۔

کمپنی کے مطابق ہیڈفون جیک ہٹانے کی ایک وجہ تو یہ ہے کہ اس سے دونوں فونز کی بیٹریاں 100 ایم اے ایچ بڑا کرنے میں مدد ملی ہے کیونکہ اس کے لیے زیادہ جگہ مل گئی، یعنی اگر ہیڈفون جیک دیا جاتا تو نوٹ 10 میں 3400 ایم اے ایچ جبکہ نوٹ 10 پلس میں 4200 ایم اے ایچ بیٹری ہوتی۔

اسی طرح ہیڈفون جیک ہٹانے کا مقصد ہیپٹک وائبریشن سسٹم بہتر بنانا ہے جبکہ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ گلیکسی نوٹ سیریز کے صارفین کی اکثریت پہلے ہی وائرلیس ہیڈفونز پر منتقل ہوچکی ہے تو یہ اس تبدیلی کا درست وقت تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں