پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اپنی جماعت سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے ذمہ داران اور اراکین اسمبلی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی تمام مصروفیات اور سیاسی سرگرمیوں کو ایک طرف رکھ کر سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے خود کو وقف کریں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ویڈیوی پیغام میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ آج کل پاکستان بھر سے انتہائی تکلیف دہ مناظر دیکھنے کو مل رہے ہیں، جس پر میرا دل بہت افسردہ ہے کیونکہ آج ملک کا بیشتر حصہ سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے اور پاکستانی قوم تکلیف میں ہے۔

مزید پڑھیں: شہباز شریف کے وزیر اعظم منتخب ہونے کے باوجود نواز شریف کا وطن واپسی کا کوئی ارادہ نہیں

نواز شریف نے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں نے بہت سے علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور مجھے یہ دیکھ کر بہت دکھ ہوتا ہے کہ ہزاروں افراد اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں اور لاتعداد گھر سیلاب میں بہہ چکے ہیں جس کی وجہ سے لاکھوں لوگ بے گھر ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے سڑکیں، پل اور مواصلاتی نظام درہم برہم ہو چکا ہے اور بلاشبہ یہ قدرتی آفات ہیں لیکن یہ وقت خود کے گریبان میں جھانکنے کا بھی ہے اور ہمیں دیکھنا چاہییے کہ کہیں ہمارے اعمال تو اس آفت کا سبب نہیں بن رہے اس لیے اپنے اعمال کا بھرپور جائزہ لینے کا بھی وقت ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سپریم کورٹ نے وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دے دیا

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ میں زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں خاص طور پر مخیر حضرات سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنا سب کچھ چھوڑ کر متاثرین کے لیے متحد ہو جائیں۔

انہوں نے کہ اس مشکل گھڑی میں پاکستان کے تمام لوگوں اور خاص طور پر اپنی جماعت کے صاحبِ حیثیت حضرات، اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی، ہر جماعت اور کارکنان سے گزارش کرتا ہوں کہ فوری طور پر اپنی تمام سرگرمیاں ایک طرف رکھیں، ساری سیاسی مصروفیات کو بھی ایک طرف رکھیں اور تمام توانایاں سیلاب زدگان کی مدد کے لیے وقف کردیں۔

نواز شریف نے کہا کہ یہ وقت کوئی اور کام کرنے کا نہیں ہے کیونکہ ہر طرف کھلے آسمان تلے لوگ بیٹھے ہیں، جن میں ہماری مائیں، بہنیں، بچیاں، بزرگ اور بیٹے شامل ہیں، ان کی دل کھول کر مدد کریں اور ان کے زخموں پر مرہم رکھیں کیونکہ ان کی پریشان حال آنکھیں آپ کی طرف دیکھ رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت تمام سیلاب متاثرین ہماری امداد کے منتظر ہیں اور اپنی تمام تر توجیحات قدرتی آفت کے شکار افراد کی بحالی کی طرف رکھیں، ان کی امداد کے لیے کیمپ قائم کریں، کھانے پینے کا انتظام کریں اور بنیادی ضروریات زندگی کی اشیا فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ دوائی اور کپڑوں کا انتظام کرنے پر توجہ مرکوز رکھیں۔

مزید پڑھیں:نواز شریف کا حکومت پر عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے پر زور

ان کا کہنا تھا کہ میں شہباز شریف کو شاباش دیتا ہوں، جو اس کام پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں اور تمام مصروفیات مؤخر کرکے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز بھی سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرنے کے لیے تیار ہیں اور وہاں جا کر امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیں گی اور متاثرین کی مزاج پرسی بھی کریں گی۔

نواز شریف نے کہا تمام لوگ آگے بڑھیں اور سیلاب کی لہروں میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کے آنسوں پونچھیں اور ہرممکن امداد فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہوئے یہ عہد کریں کہ ہم مشکل میں گھرے اپنے بھائیوں اور بہنوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے تاکہ روز محشر ہم اپنے رب کے حضور پیش ہوکر سرخرو ہو سکیں۔

تبصرے (0) بند ہیں