ایشیا کپ: افغانستان کی ٹیم بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے ہرا کر سپر فور میں پہنچ گئی

اپ ڈیٹ 31 اگست 2022
— فوٹو: افغان کرکٹ ٹوئٹر
— فوٹو: افغان کرکٹ ٹوئٹر
— فوٹو: افغان کرکٹ ٹوئٹر
— فوٹو: افغان کرکٹ ٹوئٹر

ایشیا کپ میں افغانستان کی کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کو بھی یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے کر مسلسل دوسرا میچ میں کامیابی حاصل کرلی، اس طرح افغانستان کی پہلی ٹیم ہے جو سپر فور میں پہنچ گئی ہے۔

شارجہ میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ کے میچ میں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے افغانستان کو جیتنے کے لیے 128 رنز کا ہدف دیا تھا۔

ایشیا کپ کے تیسرے میچ میں بنگلہ دیش ٹیم کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

افغانستان کی جانب سے اسپنرز نے بہترین باؤلنگ کروائی، راشد خان نے 4 اورز میں 22 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

آف اسپنر مجیب الرحمٰن نے بھی مقررہ 4 اوورز میں 16 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، انہیں شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

بنگلہ دیش کی ٹیم شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی، اور پہلی وکٹ صرف 7 رنز پر گر گئی جب محمد نعیم 8 گیندوں پر 6 رنز بنا کر مجیب الرحمٰن کا شکار بنے۔

بنگلہ دیش کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں، اور 10.3 اوورز میں آدھی ٹیم صرف 53 رنز بنا کر پولین لوٹ گئی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے مصدق حسین نے 31 گیندوں پر ناقابل شکست 48 رنز بنائے، اس طرح بنگلادیش نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنائے ۔

ہدف کے تعاقب میں افغانستان کا آغاز زیادہ اچھا نہ تھا، 15 رنز کے مجموعی اسکور پر رحمت اللہ گلباز18 گیندوں پر 11 رنز بنا کر شیکب الحسن کی گیند پر اسٹمپ ہو گئے۔

افغانستان کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی حضرت اللہ زازئی تھے، انہوں نے 26 گیندوں پر 23 رنز بنائے اور مصدق حسین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 45 تھا۔

کپتان محمد نبی بہتر کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف 8 رنز بنا کر پولین لوٹ گئے، وہ محمد سیف الدین کا شکار بنے، جب وہ آؤٹ ہوئے تو 13 اوورز میں ٹیم نے 62 رنز اسکور کیے تھے۔

ابراہیم زردان کا ساتھ دینے کے لیے آنے والے بلے باز نجیب اللہ زردان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 17 گیندوں پر 43 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کا افغانستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، ان کی اننگز میں 6 چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔

ابراہیم زردان نے بھی ناقابل شکست 42 رنز بنائے، افغانستان نے 18.3 اوورز میں مقررہ ہدف حاصل کر لیا۔

خیال رہے کہ افغانستان کی کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے سری لنکا کی ٹیم کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔

دبئی میں کھیلے جارہے ایشیا کپ کے پہلے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

مزید پڑھیں: ایشیا کپ: افغانستان کا فاتحانہ آغاز، سری لنکا کو 8 وکٹوں سے بدترین شکست

آج کے میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

بنگلہ دیش: شکیب الحسن (کپتان)، محمد نعیم، انعام الحق، عفیف حسین، مشفق الرحمٰن، مصدق حسین، محموداللہ، مہدی حسن، محمد سیف الدین، تسکین احمد، مستفیض الرحمٰن

افغانستان: محمد نبی (کپتان)، حضرت اللہ زازئی، رحمت اللہ گلباز، ابراہیم زدران، کریم جنت، نجیب اللہ زدران، راشد خان، عظمت اللہ عمرزئی، نوین الحق، مجیب الرحمٰن، فضل الحق فاروقی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں