سیلاب کے باعث شان شاہد کی فلم ’ضرار‘ کی نمائش مؤخر

06 ستمبر 2022
فلم مسلسل تین سال سے تاخیر کا شکار ہے—پرومو فوٹو
فلم مسلسل تین سال سے تاخیر کا شکار ہے—پرومو فوٹو

مختلف وجوہات کی بنا پر مسلسل تین سال سے تاخیر کا شکار ایکشن ہیرو شان شاہد کی آنے والی فلم ’ضرار‘ کی نمائش ایک بار پھر ایک مؤخر کردی گئی۔

’ضرار‘ کو ابتدائی طور پر 2020 میں ریلیز کیا جانا تھا مگر اس وقت کورونا کی وبا آنے کے باعث فلم کی شوٹنگ ملتوی کردی گئی تھی، جس کے بعد خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ اسے 2021 میں ریلیز کردیا جائے گا۔

سال 2021 میں فلم کی ٹیم نے ’ضرار‘ کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے اسے اسی سال ریلیز کرنے کا عندیہ بھی دیا تھا مگر کورونا کی وبا سمیت ملک میں سینما بند ہونے کی وجہ سے اسے ریلیز نہ کیا جا سکا تھا۔

جس کے بعد جنوری 2022 میں اس کا مکمل ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے رواں ماہ ستمبر میں ریلیز کرنے کا عندیہ دیا گیا تھا مگر اب ملک بھر میں سیلاب کے باعث اس کی نمائش ایک بار پھر مؤخر کردی گئی۔

شان شاہد نے اپنی ٹوئٹ میں فلم کے پوسٹرز شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ اب ’ضرار‘ 29 ستمبر کو سینماؤں میں پیش کی جائے گی۔

انہوں نے فلم کی نمائش مؤخر کرنے کا سبب حالیہ بارشوں اور سیلاب کو قرار دیا اور ساتھ ہی امید ظاہر کی کہ مداح ان کی بھرپور سپورٹ کریں گے اور فلم کی ریلیز پر اسے سینماؤں میں دیکھنے ضرور آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: انتظار ختم، شان کی ایکشن تھرلر فلم ’ضرار‘ کی جھلک سامنے آگئی

فلم کے جنوری میں جاری کیے گئے ٹریلر میں شان شاہد کو ’ضرار‘ کے مرکزی کردار میں دکھایا گیا تھا اور ٹریلر سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ کسی خفیہ مشن پر ملک میں جاری تشدد، کرپشن اور انتہاپسندی کی جنگ روکنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ فلم میں شان شاہد پاکستان میں انتہاپسندی اور بے یقینی پھیلانے والے ملک دشمن عناصر کے خاتمے کے لیے انتہائی حساس اور بڑے منصوبے پر کام کرتے دکھائی دیں گے۔

ٹریلر میں جہاں پاکستان میں جاری انتہاپسندی کو دکھایا گیا ہے، وہیں پڑوسی ملک افغانستان میں شورش اور جنگ کے حالات کو بھی اس کا موضوع بنایا گیا ہے۔

ٹریلر سے معلوم ہوتا ہے کہ ممکنہ طور پر فلم میں پاکستان کا امن خراب کرنے میں بھارتی مداخلت کا راز فاش کیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

فلم میں شان شاہد کے علاوہ کرن ملک، نیر اعجاز، ندیم بیگ اور شفقت چیمہ سمیت دیگر اداکار دکھائی دیں گے، اس کی کہانی خود شان نے لکھی ہے جب کہ اس کی ہدایات بھی انہوں نے ہی دی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں