ایشیا کپ فائنل: پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں آج مدِ مقابل ہوں گی

اپ ڈیٹ 11 ستمبر 2022
دونوں ٹیمیں ٹرافی جیتنے کے عزم کے ساتھ آج میدان میں اتریں گی — فائل فوٹو: پاکستان کرکٹ :ٹوئٹر
دونوں ٹیمیں ٹرافی جیتنے کے عزم کے ساتھ آج میدان میں اتریں گی — فائل فوٹو: پاکستان کرکٹ :ٹوئٹر

پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان ایشیا کپ ٹی20 کا فائنل آج دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل میچ پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا۔

دونوں ٹیمیں ٹرافی جیتنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ: فائنل سے قبل سری لنکا نے پاکستان کو 5 وکٹوں سےشکست دے دی

ایشیا کپ 2022 کے فائنل سے قبل سپر فور مرحلے کے آخری میچ میں سری لنکا نے شان دار باؤلنگ کے بعد پاتھم نسانکا کی نصف سنچری کی بدولت پاکستان کو باآسانی 5 وکٹوں سے شکست دے کر ٹرافی جیتنے کے لیے خود کو مضبوط ٹیم ثابت کردیا ہے۔

تاہم پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ فائنل میں جیت کے عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری ویڈیو بیان میں بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ کا فائنل بہت اچھا ہونے کی توقع ہے، کوشش یہی ہوگی کہ اچھی کرکٹ کھیلیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچنے پر پُرجوش ہیں، ہماری ٹیم بہت اچھی ہے، لڑکے جس کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں مجھے توقع ہے کہ ایشیا کپ کا فائنل بہت اچھا ہوگا، میرا خیال ہے کہ سیکنڈ بیٹنگ کرنے والے کو فائدہ ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں: ایشیا کپ کا فائنل بہت اچھا ہونے کی توقع ہے، بابر اعظم

ایشیا کپ کے فائنل کے لیے قومی ٹیم میں شاداب خان اور نسیم شاہ کی واپسی کا امکان ہے جنہیں سری لنکا کے خلاف سپر فور مرحلے کے میچ میں آرام کرایا گیا تھا اور ان کی جگہ حسن علی اور عثمان قادر کو جگہ دی گئی تھی۔

دوسری جانب سری لنکا کے کپتان داسن شناکا کا کہنا تھا کہ مسلسل 4 میچ جیتنے کے بعد اعتماد میں اضافہ ہوا ہے لیکن ہم پاکستان ٹیم کو ہلکا نہیں لے سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ پاکستان بہت اچھی ٹیم ہے اور ان کے پاس کافی اچھے کھلاڑی ہیں وہ کم بیک کرسکتے ہیں، جس کے لیے ہم تیار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ: پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو شکست دے دی

خیال رہے کہ ایشیا کپ میں سری لنکا کو اپنے پہلے میچ میں افغانستان کے ہاتھوں 8 وکٹوں سے بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

تاہم ایشیا کپ کی 5 بار کی چیمپیئن نے بنگلہ دیش، افغانستان اور فیورٹ بھارت کو ہرا کا شان دار کم بیک کیا اور فائنل تک رسائی کرلی۔

جمعہ کو کھیلا گیا سپر فلور مرحلے کا آخری میچ فائنل کی تیاری تھا، جس میں سری لنکا نے مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کی۔

آج ہونے والے فائنل میں سری لنکا کی باؤلنگ کا دارومدار اسپنر وانیندو ہسارنگا اور مہیش تھیکشانا پر ہوگا، انہوں نے پاکستان کو 121 رنز پر آؤٹ کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا جبکہ پاتھم نیسانکا نے اچھی بیٹنگ کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ: نسیم شاہ نے آخری اوور میں 2 چھکے لگا کر پاکستان کو فتح دلا دی

یاد رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا پہلا ایڈیشن 1984میں متحدہ عرب امارات میں شارجہ کے مقام پر منعقد ہوا تھا، جو بھارتی ٹیم نے اپنے نام کیا تھا۔

سری لنکا کی ٹیم کو سب سے زیادہ ایشیا کپ کے 14ایونٹس کے فائنل میں شرکت کا اعزاز حاصل ہے جبکہ وہ حالیہ 15ویں ایڈیشن کے فائنل میں پہنچ چکی ہے۔

بھارتی ٹیم کو سب سے زیادہ 7 ایشیا کپ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے جبکہ سری لنکا کی ٹیم 5 مرتبہ ایشیا کپ جیت کر اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔

پاکستان کی ٹیم 2 مرتبہ 2000 اور 2012 کا ایشیا کپ ٹائٹل جیت چکی ہے۔

29 جولائی کو سری لنکا میں معاشی اور سیاسی بحران کے سبب ایشیا کپ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) منتقل کردیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں