کراچی: اسکول کا کام نہ کرنے پر باپ نے بیٹے کو جلا کر مار ڈالا

اپ ڈیٹ 20 ستمبر 2022
عدالت نے ملزم کو 24 ستمبر تک پولیس کی تحویل میں دینے کا حکم دے دیا—فائل فوٹو : ڈان
عدالت نے ملزم کو 24 ستمبر تک پولیس کی تحویل میں دینے کا حکم دے دیا—فائل فوٹو : ڈان

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن کے ایک گھر میں اسکول کا ہوم ورک نہ کرنے پر اپنے بیٹے کو آگ لگانے کے الزام میں پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ 14 ستمبر کو اس وقت پیش آیا جب رئیس امروہوی کالونی میں ملزم نذیر نے اپنے 12 سالہ بیٹے شہیر پر مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگا دی۔

بری طرح جھلسنے کے سبب لڑکے کو شدید زخم آئے اور اسے قریبی سندھ گورنمنٹ قطر ہسپتال لے جایا گیا جہاں سے اسے ڈاکٹر روتھ فاؤ سول ہسپتال کراچی کے برنس سینٹر منتقل کر دیا گیا تاہم علاج کے دوران بچے کی موت واقع ہوگئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچے کی والدہ کی شکایت پر والد کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی: ڈی سی جنوبی، ریونیو افسر پراسرار طور پر جھلس کر زخمی

ملزم کو جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا اور عدالت نے اسے 24 ستمبر تک پولیس کی تحویل میں دینے کا حکم دیا۔

ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ اس کا اپنے بیٹے کو قتل کرنے کا ارادہ نہیں تھا، اس نے صرف بیٹے کو ڈرانے کے لیے اس پر مٹی کا تیل چھڑک دیا تھا کیونکہ وہ اسکول کا ہوم ورک نہیں کر رہا تھا۔

ملزم نے کہا کہ اس نے صرف بیٹے کو ڈرانے کے لیے ماچس جلائی تھی لیکن مٹی کے تیل کے سبب آگ بھڑک گئی اور وہ بری طرح جھلس گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

گیس لیکج کے باعث دھماکے میں 7 افراد زخمی

دریں اثنا کورنگی کے گھر میں گیس لیکج کے باعث دھماکے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے۔

زخمیوں میں سے 4 بہن بھائیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جو کہ 100 فیصد جھلس چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مظفر گڑھ: مکان میں آتشزدگی کے باعث بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق

زمان ٹاؤن کے ایس ایچ او رضوان پٹیل نے بتایا کہ بنگالی پاڑہ میں رہائش پذیر متاثرہ خاندان نے رات کے وقت غلطی سے چولہا کھلا چھوڑ دیا تھا جس کے باعث کمرے میں گیس بھر گئی تھی، صبح ناشتہ بنانے کے لیے ماچس جلائی گئی تو دھماکہ ہو گیا جس سے 7 افراد زخمی ہو گئے۔

زخمیوں کو علاج کے لیے سول ہسپتال کراچی کے برنس سینٹر منتقل کر دیا گیا۔

پولیس سرجن سمیہ سید نے بتایا کہ 4 افراد بری طرح جھلس گئے جبکہ دیگر 2 افراد بھی جسم کا 30 فیصد سے زائد حصہ جھلسنے سے شدید زخمی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں