فیڈرر کا نم آنکھوں کے ساتھ انٹرنیشنل ٹینس کو الوداع

24 ستمبر 2022
راجر فیڈرر نم آنکھوں کے ساتھ شائقین کی داد کا جواب دیتے ہوئے کورٹ کو ہمیشہ کے لیے الوداع کہہ رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
راجر فیڈرر نم آنکھوں کے ساتھ شائقین کی داد کا جواب دیتے ہوئے کورٹ کو ہمیشہ کے لیے الوداع کہہ رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

عالمی شہرت یافتہ انٹرنیشنل ٹینس اسٹار راجر فیڈرر نے لیورز کپ میں یادگار رات کے دوران اپنے بین الاقوامی کیریئر کو آنسوؤں کے ساتھ الوداع کہہ دیا۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق 41سالہ فیڈر نے لیورز کپ میں اپنا الوداعی میچ اپنے روایتی حریف اور ہسپانوی اسٹار رافیل نڈال کے ہمراہ کھیلا۔

فیڈرر میچ کے بعد جب نڈال اور جوکووچ سمیت اپنے دیگر ساتھیوں سے گلے ملے تو ان کی آنکھوں سے آنسو رواں تھے جبکہ اس موقع پر رافیل نڈال بھی اپنے آنسو نہ روک سکے۔

راجر فیڈرر کے ساتھ ساتھ رافیل نڈال بھی اس یادگارموقع پر اپنے آنسو نہ روک سکے— فوٹو: اے ایف پی
راجر فیڈرر کے ساتھ ساتھ رافیل نڈال بھی اس یادگارموقع پر اپنے آنسو نہ روک سکے— فوٹو: اے ایف پی

جب فیڈرر نے اپنے آخری میچ کے بعد شائقین کا شکریہ ادا کیا تو پورا ارینا فیڈرر کا نام لینے والے شائقین کے ناموں سے گونج رہا تھا۔

20 گرینڈ سلیم جیتنے کے ساتھ ساتھ متعدد ریکارڈ اپنے نام کرنے والے فیڈرر نے کہا کہ یہ ایک شاندار دن تھا، میں افسردہ نہیں بلکہ خوش ہوں، میں اس مقام تک پہنچنے پر بہت خوش ہوں۔

لیورز کپ میں یورپ اور ریسٹ آف دی ورلڈ کے درمیان کھیلے گئے میچ میں فیڈرر اور رافیل پر مشتمل جوڑی کا آخری مقابلہ جیک سوک اور فرانسس ٹیافو کی جوڑی سے ہوا۔

ایک عرصے تک اعلیٰ سطح پر پیشہ ورانہ ٹینس نہ کھیلنے کے باوجود فیڈرر عمدہ کھیل پیش کرنے میں کامیاب رہے اور حریف جوڑی کے خلاف تقریباً فتح سمیٹ بھی لی تھی لیکن فیڈرر کے غلط فور ہینڈ شاٹ کے سبب انہوں نے یہ موقع گنوا دیا اور یورپ کی ٹیم یہ میچ ہار گئی۔

اس کے ساتھ ساتھ کیریئر کا 1750واں میچ کھیلنے والے فیڈرر کا 25سالہ کیریئر اختتام کو پہنچا جنہیں موجودہ دور کا ٹینس کا عظیم ترین کھلاڑی تصور کیا جاتا ہے۔

میچ کے بعد گفتگو کے دوران اپنے آنسو روکنے کی کوشش کرتے ہوئے فیڈرر نے کہا کہ یہ ایک شاندار سفر رہا، میں یہ سب دوبارہ کرنا چاہتا ہوں۔

سوئس اسٹار کا 25سال پر محیط بے مثال ٹینس کیریئر کسی بھی کھلاڑی کا خواب ہو سکتا ہے جہاں اس کیریئر کے دوران انہوں نے 8 ومبلڈن اوپن، 7 آسٹریلین اوپن، چار یو ایس اوپن اور ایک فرنچ اوپن ٹائٹل سمیت مجموعی طور پر 20 گرینڈ سلیم ٹائٹل اپنے نام کیے۔

انہوں نے اس دوران 103 اے ٹی پی ٹائٹلز جیتے، 6 اے ٹی پی فائنلز میں فتح حاصل کی جبکہ ایک ڈیوس کپ ٹائٹل کی فتح بھی ان کے کیریئر میں شامل ہے۔

کیریئر کے دوران 310 ہفتوں تک عالمی نمبر ایک رہنے والے فیڈرر نے لگاتار 237 ہفتوں تک عالمی نمبر ایک رہنے کا ریکارڈ اپنے نام رکھا جبکہ مجموعی طور پر وہ 31 گرینڈ سلیمز فائنلز کے لیے میدان میں اترے۔

لیورز کپ میں یورپیئن ٹیم کے کھلاڑیوں نے فیڈرر کو کاندھوں پر اٹھایا ہوا ہے— فوٹو: اے ایف پی
لیورز کپ میں یورپیئن ٹیم کے کھلاڑیوں نے فیڈرر کو کاندھوں پر اٹھایا ہوا ہے— فوٹو: اے ایف پی

ایک عرصے تک ٹینس کی دنیا پر راج کرنے والے اسٹار کھلاڑی بڑھتی عمر کی وجہ سے مسائل سے دوچار رہنے لگے تھے اور ان کی کارکردگی بھی ہر گزرتے دن کے ساتھ خراب ہوتی جا رہی تھی۔

دو سال قبل انہیں گھٹنے کی انجری ہوئی اور انہوں نے اس انجری سے صحتیابی اور ٹینس کورٹ میں واپسی کے لیے تین آپریشن بھی کرائے لیکن ان کی یہ تمام کوششیں بھی ان کی انٹرنیشنل ٹینس کورٹ میں کامیابی کے ساتھ واپسی کی راہ ہموار نہیں کر سکیں جس کے بعد انہوں نے گزشتہ ہفتے ٹینس کورٹ کو ہمیشہ کے لیے الوداع کہنے کا فیصلہ کر لیا۔

ساڑھے 17ہزار شائقین سے بھرے ارینا میں فیڈرر نے اپنی اہلیہ مرکا، بچوں، والدین، کوچز اور ساتھی کھلاڑیوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں