ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی چینل ’سی این این‘ کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کردیا

اپ ڈیٹ 04 اکتوبر 2022
ٹرمپ نے الزام لگایا کہ انہیں ہٹلر سے تشبیہ دینے کی کوشش کی گئی —فوٹو: رائٹرز
ٹرمپ نے الزام لگایا کہ انہیں ہٹلر سے تشبیہ دینے کی کوشش کی گئی —فوٹو: رائٹرز

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی چینل ’سی این این‘ کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرتے ہوئے ساڑھے 47 کروڑ ڈالر ہرجانہ طلب کرلیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے شہر فلوریڈا کی ڈسٹرکٹ کورٹ میں مقدمہ دائر کیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ سی این این نے اُن کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے کے تحت الزمات لگائے جس کی وجہ سے ان کے سیاسی کیریئر کو نقصان پہنچا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مواخذے کے مقدمے سے بری

سابق امریکی صدر نے کہا کہ ان کے خلاف منفی خبریں پھیلائی گئیں اور بدنام کیا گیا تاکہ انہیں سیاسی طورپر ناکام بنایا جاسکے۔

دوسری جانب سی این این نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔

ریپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے ڈونلڈ ٹرمپ نے 29 صفحات پر مشتمل مقدمے میں دعویٰ کیا کہ سی این این طویل عرصے سے ان کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے میں ملوث ہے۔

ٹرمپ نے الزام لگایا کہ ’سی این این کو خدشہ تھا کہ 2024 کے صدارتی انتخاب میں دوبارہ صدر منتخب ہو جاؤں گا، جس کی وجہ سے ٹی وی چینل نے ان کے خلاف مہم چلائی تھی۔‘

مقدمے میں دعویٰ کیا گیا کہ ٹرمپ کے خلاف نسل پرستی، روسی غلامی، بغاوت اور جھوٹ بولنے کے الزامات لگائے گئے جبکہ اس کے علاوہ انہیں ہٹلر سے تشبیہ دینے کی کوشش بھی کی گئی۔

مقدمے میں بتایا گیا کہ 2020 میں صدارتی انتخابات کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کی ڈیموکریٹک پارٹی کو جو بائیڈن سے شکست ہوگئی تھی، لیکن انہوں نے یہ نہیں کہا تھا کہ وہ دوبارہ الیکشن نہیں لڑے گے۔

مزید پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ کے گھر پر چھاپے کی 'ذاتی طور پر منظوری دی'، اٹارنی جنرل

سابق امریکی صدر نے کہا کہ آنے والے ہفتوں میں وہ دیگر کمپنیوں کے خلاف مقدمہ دائر کریں گے اور دھمکی دی کہ وہ 6 جنوری 2021 کو امریکا پر حملے کی تحقیقات کرنے والی کانگریس کمیٹی کے خلاف بھی کارروائی کر سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے 2020 کے انتخاب میں ناکامی کے بعد جنوری 2021 میں اپنا عہدہ چھوڑتے وقت وائٹ ہاؤس سے دستاویزات کو غیر قانونی طور پر ہٹا دیا تھا۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ پر بینک اثاثوں کی قیمت کے حوالے سے جھوٹ بولنے پر گزشتہ ماہ نیویارک کے اسٹیٹ اٹارنی جنرل لیٹیسیا جیمز نے مقدمہ دائر کا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں