انتظار ختم ’بلیک پینتھر: واکنڈا فار ایور‘ کا ٹریلر ریلیز

04 اکتوبر 2022
فلم آئندہ ماہ ریلیز کی جائے گی—اسکرین شاٹ
فلم آئندہ ماہ ریلیز کی جائے گی—اسکرین شاٹ

مارول اسٹوڈیو نے سپر ہیرو سائنس فکشن فلم شائقین کے طویل انتظار کو ختم کرتے ہوئے اپنی آنے والی فلم ’بلیک پینتھر: واکنڈا فار ایور‘ کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے آئندہ ماہ نومبر میں ریلیز کرنے کا اعلان کردیا۔

’بلیک پینتھر: واکنڈا فار ایور‘ 2018 میں ریلیز ہونے والی فلم ’بلیک پینتھر‘ کا سیکوئل ہے۔

’بلیک پینتھر‘ کے سیکوئل کو بنانے کا اعلان اگرچہ 2018 میں ہی کردیا گیا تھا مگر بعد ازاں پہلی فلم کے ہیرو چیڈوک بوسمین کے اگست 2020 میں انتقال کے بعد سیکوئل تاخیر کا شکار تھا۔

تاہم اب سیکوئل فلم ’بلیک پینتھر: واکنڈا فار ایور‘ کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے آئندہ ماہ 11 نومبر کو دنیا بھر میں ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

’بلیک پینتھر: واکنڈا فار ایور‘ کے مختصر دورانیے میں پہلی فلم کے ہیرو چیڈوک بوسمین کو فلم میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

چیڈوک بوسمین نے پہلی فلم میں ’بلیک پینتھر‘ کا مرکزی کردار ادا کیا تھا جو کہ فلم میں وسطی افریقہ کی زیر سمندر خیالی بادشاہت ’واکنڈا‘ کے بادشاہ بھی ہوتے ہیں جو اپنی ریاست کو دشمنوں سے بچانے کے لیے ہر وقت جنگ لڑتے دکھائی دیتے ہیں۔

سیکوئل فلم کے ٹریلر میں ریاست ’واکنڈا‘ کے لوگوں کو اپنے سابق مرحوم بادشاہ ’بلیک پینتھر‘ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے جب کہ ان کے ساتھی اور ان کی جواں سالہ بہن کو دشمن سے لڑ کر اپنی سلطنت کی حفاظت کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔

ٹریلر میں ’بلیک پینتھر‘ کے کردار کو بھی دکھایا گیا ہے، تاہم جھلک سے معلوم نہیں ہوتا کہ ’بلیک پینتھر‘ کا مرکزی کردار کون ادا کر رہا ہے۔

لیکن شوبز و فیشن میگزین ’جی کیو‘ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ ’بلیک پینتھر‘ کا مرکزی کردار اب خاتون ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ’بلیک پینتھر‘ کا کردار اداکارہ لتیشیا رائٹ ادا کرتی دکھائی دیں گی جنہوں نے پہلی فلم میں ’بلیک پینتھر‘ کی جواں سالہ بہن ’شوری‘ کا کردار ادا کیا تھا۔

یہ خبریں پہلے ہی تھیں کہ ممکنہ طور پر اب فلم کا مرکزی کردار خاتون کو دیا جائے گا اور پہلی فلم کے ہیرو کی جواں سالہ بہن کو ہی ان کے تخت پر بٹھایا جائے گا۔

’بلیک پینتھر: واکنڈا فار ایور‘ کی ہدایات ریان کوگلر نے ہی دی ہیں، جنہوں نے پہلی فلم کی ہدایات بھی دی تھیں جب کہ کیون فیج اور ناتے مورے نے اسے پروڈیوس کیا ہے۔

سیکوئل میں بھی پہلی فلم کے تقریبا تمام کرداروں کو ہی شامل کیا گیا ہے، تاہم فلم میں بعض نئے کردار بھی شامل کیے گئے ہیں جب کہ کچھ کرداروں کو حذف بھی کردیا گیا ہے۔

’بلیک پینتھر: واکنڈا فار ایور‘ کو آئندہ ماہ 11 نومبر کو دنیا بھر کے سینماؤں میں پیش کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں