منیب بٹ اور کومل میر خدا پر کامل یقین کی کہانی کے گرد گھومتے ڈرامے’قلندر‘ میں کاسٹ

05 اکتوبر 2022
منیب بٹ کے مطابق ڈرامے کی کہانی منفرد ہے—پرومو فوٹو
منیب بٹ کے مطابق ڈرامے کی کہانی منفرد ہے—پرومو فوٹو

اداکار منیب بٹ اور اداکارہ کومل میر جلد ریلیز ہونے والے ڈرامے ’قلندر‘ میں ایک ساتھ نظر آئیں گے، جس کی کہانی خدا اور اس پر کامل یقین رکھنے کے گرد گھومنے والے روحانی مسائل پر مبنی ہے۔

منیب بٹ نے انسٹاگرام پر ڈرامے کا پوسٹر شیئر کیا اور پوسٹ میں لکھا کہ ’عقائد اور اقدار کی خوبصورت کہانی دیکھیں بہت جلد جیو پر۔‘

منیب بٹ نے ڈرامے کے حوالے سے ڈان امیجز سے بات کی اور بتایا کہ انہوں نے ’قلندر’ میں ایک ایسے لڑکے کا کردار ادا کیا ہے جو خوش مزاج اور زندہ دل ہونے کے ساتھ اپنے خوابوں کو پورا کرنے پر یقین رکھتا ہے اور وہ چاہتا ہے کہ وہ ایک کامیاب بزنس مین بن جائے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈرامے میں ان کے کردار کی فیملی کا تعلق پنجاب کے ایک دیہی علاقے کے متوسط گھرانے سے ہے اور انہوں نے اپنی جمع پونجی سے اس لڑکے کو صوبائی دارالحکومت لاہور میں پڑھنے کے لیے بھیجا ہوتا ہے جب کہ اس لڑکے کا یہ خواب ہوتا ہے کہ وہ اپنے گھر والوں کو پر آسائش زندگی دے۔

’یہ نہ تھی ہماری قسمت‘ کے اداکار نے ڈرامے کی ہیروئن کا تعارف کرواتے ہوئے بتایا کہ یہ کہانی ایک ایسی لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو کہ بہت مذہبی ہے اور اس کو اس بات پر یقین ہے کہ وہ خدا سے جو بھی دعا مانگیں گی خدا اسے عطا کردے گا کیونکہ وہ بہت دعائیں مانگتی ہے، اس لیے اس کی دعائوں میں بہت اثر بھی ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ لڑکی کا کردار ڈرامے میں ان کی (منیب بٹ) کی کزن کا ہے، جس سے ان کی شادی کے لیے ان کے والد اس کا ہاتھ مانگتے ہیں۔

منیب بٹ نے ڈرامے کی مزید کہانی بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس سے زیادہ کچھ نہیں بتا سکتے، کیوں کہ اس سے ناظرین کو پوری کہانی معلوم ہوجا ئے گی۔

اداکار نے گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ یہ کہانی تین سے چار کرداروں کے گرد گھومتی ہے اور اس میں یہ بتایا گیا ہے کہ جو لوگ خدا پر یقین رکھتے ہیں اور جب تک کہ وہ دوسروں کے لیے نقصان پہنچانے کا سبب نہیں بنتے تو کوئی انہیں بھی نقصان نہیں پہنچا پاتا اور یہ کہ شروعات میں مشکلات ہو سکتی ہیں لیکن آخر میں سب اچھا ہوتا ہے۔

ڈرامے میں اپنے کردار کے بارے میں منیب بٹ نے مزید بتایا کہ ڈرامے میں میرا کرادر بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے، میرا کردار لوگوں کو یہ پغام دے گا کہ اگر آپ دولت کے پیچھے بھاگیں گے اور اپنے فیصلے اس کی بنیاد پر لیں گے تو آخر میں آپ ناکام ہوجائیں گے تو آپ اپنی زندگی مں کوئی بھی فیصلہ لیں تو دولت کے بجائے اپنے رشتوں کو فوقیت دیں۔

اداکار نے ڈرامے میں کومل میر کے ساتھ اداکاری کے تجربے کو بہترین قرار دیا اور کہا کہ کومل میر کے ساتھ اداکاری کرتے ہوئے مجھے بالکل بھی ایسا محسوس نہیں ہوا کہ میں ان کے ساتھ پہلی بار کام کر رہا ہوں، مجھے امید ہے کہ لوگوں کو بھی ہماری جوڑی پسند آئے گی کیونکہ دیکھنے والے آن اسکرین نئے چہروں کو پسند کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس ڈرامے کی لکھاری ثمرہ بخاری ہیں جو اس سے پہلے ’گھر تتلی کا پر’ اور ’گل رعنا‘ لکھ چکی ہیں جب کہ اس کی ہدایات صائمہ وسیم نے دی ہیں جو ’کہیں دیپ جلے’ کو ڈائریکٹ کرچکی ہیں اور اس کے پروڈیوسر عبداللہ کادوانی ہیں۔

’قلندر‘ کی دیگر کا سٹ میں علی عباس، اسما عباس، کا شف محمود، نور الحسن، علی طاہر، کنزہ ملک، حمنا عامر، ماہم افضل ، عثمان چوہدری، نائمہ خان ،کنزہ رزاق، صادون علی اور فجر خان شامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں