ایشیا کپ: پاکستان ویمنز ٹیم نے یو اے ای کو بآسانی شکست دے دی

اپ ڈیٹ 10 اکتوبر 2022
پاکستان نے ٹورنامنٹ میں اپنی چوتھی کامیابی حاصل کرلی — فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر
پاکستان نے ٹورنامنٹ میں اپنی چوتھی کامیابی حاصل کرلی — فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر

پاکستان ویمنز ٹیم نے ایشیا کپ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ٹیم کو 71 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے، جواب میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر صرف 74 رنز ہی بناسکی اور یوں پاکستان نے ٹورنامنٹ میں اپنی چوتھی کامیابی حاصل کرلی۔

پاکستان کی جانب سے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالیہ ریاض نے 36 گیندوں پر 57 رنز کی اننگز کھیلی، ان کے علاوہ منیبہ علی نے 43 رنز بنائے، ندار ڈار نے 25 رنز اسکور کیے۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ: پاکستان ویمنز ٹیم نے بھارت کو شکست دے دی

متحدہ عرب امارات کی جانب سے ایشا اوزا نے 4 اوورز میں 23 رنز دے کر 3 پاکستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی جانب سے دیے گئے 146 رنز کے ہدف کے تعاقب میں یو اے ای ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار نظر آئی، ایشا اوزا 3، تیراتھ ستیش 14، کاوشا 18، نتاشا چیریتھ 5، خوشی شرما 20، چاہا مغل 2 اور سمیرا نے 2 رنز بنائے اور یوں مقررہ 20 اوورز میں صرف 74 بنا سکی اور پاکستان نے یہ میچ 71 رنز کے بڑے مارجن سے جیت لیا۔

پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال، ایمن انور، نشرہ سندھو اور عمیمہ سہیل نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جب کہ 36 گیندوں پر 57 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر عالیہ ریاض کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو شکست دی تھی جب کہ اس سے ایک روز قبل کھیلے گئے میچ میں اسے تھائی لینڈ کے ہاتھوں اَپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں