بیٹے نے زائد العمری میں شادی کا مشورہ دیا تھا، عتیقہ اوڈھو

11 اکتوبر 2022
اداکارہ نے تیسری شادی 2012 میں کی تھی—اسکرین شاٹ
اداکارہ نے تیسری شادی 2012 میں کی تھی—اسکرین شاٹ

سینیئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں زائد العمری میں تیسری شادی کا مشورہ ان کے جواں سالہ بیٹے نے دیا تھا۔

عتیقہ اوڈھو نے 2012 میں سیاستدان اور سماجی رہنما ثمر علی خان سے تیسری شادی کی تھی۔

وہ اس حوالے سے پہلے ہی بتا چکی ہیں کہ جب ان کی تیسری شادی ہوئی تو نکاح کے وقت ان کا نواسہ ان کی گود میں تھا جب کہ انہوں نے ثمر علی خان کو شادی کی خود پیش کش کی تھی۔

اب انہوں نے اسی حوالے سے مزید بات کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ان کے بیٹے نے مشورہ دیا تھا کہ ثمر علی خان اچھے شخص ہیں، ان سے شادی کرلیں۔

عتیقہ اوڈھو حال ہی میں شوہر ثمر علی خان کے ہمراہ جیو نیوز کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق کھل کر باتیں کیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ ان اور ثمر علی خان کے درمیان شادی سے قبل بہت اچھے تعلقات تھے، دونوں سماجی خدمت کے کاموں کے لیے دور دراز علاقوں کا سفر بھی کرتے رہے تھے۔

اداکارہ کے شوہر ثمر علی خان نے بتایا کہ اگرچہ انہیں عتیقہ اوڈھو سے محبت ہو چکی تھی مگر ان کی عزت اور بھرم رکھنے کے لیے انہوں نے کبھی ان سے اظہار محبت نہیں کیا اور خاموشی سے ان کے ساتھ رہے۔

اداکارہ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ انہیں ثمر علی خان کے ساتھ کام کرتا دیکھ کر ان کے بیٹے نے مشورہ دیا کہ وہ ان سے شادی کرلیں۔

عتیقہ اوڈھو کا کہنا تھا کہ خواتین کو اپنے بچوں کے ساتھ اس طرح تعلقات رکھنے چاہیے کہ وہ ان کی اولاد سے زیادہ ان کے دوست بن جائیں اور یہی وجہ ہے کہ ان کا سہارا ان کے بچے بنے۔

اداکارہ نے بتایا کہ بیٹے کے مشورے کے بعد وہ ثمر علی خان کو کافی پلانے کے لیے باہر لی گئیں اور انہوں نے وہیں انہیں شادی کی پیش کش کردی۔

عتیقہ اوڈھو کے مطابق انہوں نے مختصر الفاظ میں واضح انداز میں ثمر علی خان کو کہا کہ ہمیں شادی کرلینی چاہیے، جس پر ان کے شوہر پہلے کچھ گھبراگئے لیکن پھر جلد ہی ہاں کردی اور کہا کہ ٹھیک ہے، شادی کرلیتے ہیں۔

اداکارہ نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ان کے نکاح نامے پر ان کے بیٹے اور داماد سمیت ثمر علی خان کے بیٹے نے بطور گواہ دستخط کیے جب کہ جب انہوں نے نکاح نامے پر دستخط کیے تو ان کا نواسہ ان کی گود میں تھا۔

خیال رہے کہ ثمر علی خان سے قبل عتیقہ اوڈھو نے دو شادیاں کی تھیں جو کہ طلاق پر ختم ہوئیں۔

انہوں نے 1980 میں پہلی شادی کی ناکامی اور اولاد ہونے کے بعد ڈراموں میں اداکاری کا آغاز کیا، اس سے قبل وہ بطور میک اپ آرٹسٹ اور اسٹائلسٹ پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر کام کرتی رہی تھیں۔

ماضی میں ایک انٹرویو میں انہوں نے اپنی شادیوں سے متعلق بھی بات کی تھی اور بتایا تھا کہ پہلی شادی کی ناکامی کے بعد انہوں نے اپنی ہی مرضی سے دوسری شادی کی مگر اتفاق سے وہ بھی کامیاب نہ ہوسکی اور ان کی دونوں شادیاں طلاق پر ختم ہوئیں۔

عتیقہ اوڈھو نے بتایا تھا کہ انہوں نے تمام شادیاں پسند اور پیار سے کیں۔

انہوں نے بتایا تھا کہ وہ شادی جیسے رشتے پر بھرپور یقین رکھنے کی وجہ سے ہی انہوں نے دو ناکامیوں کے بعد تیسری مرتبہ 2012 میں زائد العمری میں شادی کی۔

تبصرے (0) بند ہیں