ٹی20 ورلڈ کپ: شان مسعود پریکٹس کے دوران سر پر گیند لگنے سے زخمی

اپ ڈیٹ 21 اکتوبر 2022
جمعہ کو ٹریننگ کے دوران گیند شان مسعود کے سر کی دائیں جانب لگی — فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
جمعہ کو ٹریننگ کے دوران گیند شان مسعود کے سر کی دائیں جانب لگی — فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

آسٹریلیا میں ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے موجود قومی ٹیم کے بلے باز شان مسعود سر پر گیند لگنے سے زخمی ہوگئے اور انہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف اپنا افتتاحی میچ کھیلنے کے لیے آسٹریلیا کے شہر میلبرن موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ سیمی فائنل کون کھیلے گا؟ ٹنڈولکر نے چار ٹیموں کے نام بتا دیے

دونوں ٹیمیں اتوار کو ایونٹ میں اپنے پہلے میچ میں مدمقابل ہوں گی اور اسی سلسلے میں ٹریننگ اور پریکٹس کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق میلبرن میں جمعہ کو ٹریننگ کے دوران گیند شان مسعود کے سر کی دائیں جانب لگی جس سے وہ زخمی ہوگئے اور انہیں اسکین کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شان مسعود کی انجری کی نوعیت جاننے کے لیے انہیں اسکین کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے اور اس حوالے سے بقیہ تفصیل جلد جاری کی جائے گی۔

رپورٹس کے مطابق نیٹ پریکٹس کے دوران محمد نواز کی جانب سے کھیلے گئے شاٹ پر گیند سیدھی شان مسعود کے منہ پر لگی جس سے وہ زمین پر ڈھیر ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ورلڈکپ: روایتی حریف پاک-بھارت ٹیموں کے درمیان میچ بارش سےمتاثر ہونے کا خدشہ

بائیں ہاتھ کے بلے باز کافی دیر تک زمین پر لیٹے رہے اور انہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی لیکن جلد ہی وہ دوبارہ اٹھنے کے قابل ہوگئے۔

پاکستان، ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا آغاز اتوار کو روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ سے کرے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں