• KHI: Fajr 5:46am Sunrise 7:07am
  • LHR: Fajr 5:26am Sunrise 6:53am
  • ISB: Fajr 5:34am Sunrise 7:03am
  • KHI: Fajr 5:46am Sunrise 7:07am
  • LHR: Fajr 5:26am Sunrise 6:53am
  • ISB: Fajr 5:34am Sunrise 7:03am

وزیراعظم شہباز شریف یکم نومبر کو چین کا پہلا سرکاری دورہ کریں گے

شائع October 26, 2022
وزیراعظم شہباز شریف دورہ چین میں صدر شی جن پنگ سے بھی ملاقات کریں گے — فوٹو: ٹوئٹر
وزیراعظم شہباز شریف دورہ چین میں صدر شی جن پنگ سے بھی ملاقات کریں گے — فوٹو: ٹوئٹر

وزیراعظم شہباز شریف یکم نومبر کو چینی ہم منصب لی کی چیانگ کی دعوت پر چین کا اپنا پہلا سرکاری دورہ کریں گے۔

دفترخارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ کی دعوت پر وزیر اعظم شہباز شریف کا چین کا پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کی چینی صدر سے ملاقات، سی پیک منصوبوں پر اپنے عزم کا اعادہ

وزیر اعظم شہباز شریف رواں برس اپریل میں وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ چین کا دورہ کریں گے۔

دفتر خارجہ نے بتایا کہ دورہ چین میں وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا۔

وزیر اعظم اپنے پہلے سرکاری دورے میں چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے اور اپنے ہم منصب کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔

دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم دنیا کے ان پہلے رہنماؤں میں سے ایک ہوں گے جو چین کی کمیونسٹ پارٹی کی تاریخی 20ویں قومی کانگریس کے بعد دورہ کر رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ 'وزیر اعظم شہباز شریف کا دورہ چین اور پاکستان کی قیادت کی سطح پر معمول دوروں کی عکاسی کرتا ہے'۔

وزیر اعظم شہباز شریف اس سے قبل رواں ہفتے ہی سعودی عرب کا دو روزہ دورہ کر چکے ہیں جہاں انہوں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔

سعودی عرب کے دو روزہ دورے میں وزیراعظم نے سعودی فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو سمٹ میں شرکت کی تھی اور خطاب میں سعودی عرب سمیت دنیا کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق

وزیر اعظم نے توانائی کے شعبے میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کرتے ہوئے زور دیا تھا کہ پاکستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے 16 ستمبر کو ازبکستان کے شہر سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے 22ویں سربراہی اجلاس میں چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی تھی۔

وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں اس ملاقات کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ چینی صدر شی جن پنگ نے وزیر اعظم شہباز شریف کو ‘عملیت پسند اور باصلاحیت شخصیت’ اور ‘پاک-چین دوستی کے لیے دیرینہ عزم’ رکھنے والے رہنما قرار دیا۔

وزیر اعظم آفس کے بیان میں بتایا گیا تھا کہ شہباز شریف نے صدر شی جن پنگ کے منصوبے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) اور گلوبل ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو (جی ڈی آئی) کی تعریف کی اور اس منصوبے کو پائیدار ترقی کے لیے مشترکہ کاوش اور ہر صورت میں کامیاب نتیجے کا حامل قرار دیا۔

وزیر اعظم نے بھارت کے زیرِ تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورت حال سے آگاہ کیا اور مسئلہ مقبوضہ خطے پر چین کے اصولی مؤقف پر ان کا شکریہ ادا کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 12 دسمبر 2024
کارٹون : 11 دسمبر 2024