سونیا حسین کو غلط فہمی ہوئی ہوگی، عروہ حسین کا اداکارہ کے نوٹس سے متعلق جواب

31 اکتوبر 2022
اداکارہ نے امید کا اظہار کیا کہ ان کے درمیان غلط فہمیاں دور ہوجائیں گی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے امید کا اظہار کیا کہ ان کے درمیان غلط فہمیاں دور ہوجائیں گی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

آنے والی مصالحہ ایکشن فلم ’ٹچ بٹن‘ کی پروڈیوسر و اداکارہ عروہ حسین نے سونیا حسین کی جانب سے بھجوائے گئے 50 لاکھ روپے کے نوٹس سے متعلق کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ اداکارہ کو کوئی غلط فہمی ہوئی ہوگی۔

سونیا حسین نے چند دن قبل بتایا تھا کہ انہوں نے عروہ حسین کو ’ٹچ بٹن‘ میں کام کرنے کا معاوضہ نہ دینے پر 50 لاکھ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوایا دیا۔

اداکارہ کے مطابق فلم کی شوٹنگ کو مکمل ہوئے دو سال گزر گئے لیکن انہیں تاحال معاوضہ نہیں ملا، جس وجہ سے وہ ذہنی پریشانی کا بھی شکار رہی ہیں، اسی وجہ سے انہوں نے عروہ حسین کو قانونی نوٹس بھجوادیا۔

ان کی جانب سے بھجوائے گئے نوٹس میں عروہ حسین کو کہا گیا تھا کہ وہ 14 دن کے اندر جواب دیں، دوسری صورت میں ان پر 50 لاکھ ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا جائے گا۔

عروہ حسین کی جانب سے تاحال سونیا حسین کو کوئی جواب نہیں دیا گیا جب کہ پروڈیوسر نے اداکارہ کی جانب سے نوٹس بھجوائے جانے کے معاملے سے بھی بے خبری کا اظہار کردیا۔

عروہ حسین حال ہی میں ’ایکسپریس ٹی وی‘ کے شو میں شریک ہوئیں، جہاں میزبان نے ان سے سونیا حسین کی جانب سے بھجوائے گئے نوٹس سے متعلق پوچھا، جس پر انہوں نے کہا کہ انہیں ایسے کسی معاملے سے متعلق کوئی علم نہیں اور یہ کہ انہیں یقین ہے کہ سونیا حسین کو کوئی غلط فہمی ہوئی ہوگی۔

سونیا حسین غلط فہمی کا شکار ہوئی ہوں گی، عروہ حسین—فائل فوٹو؛ انسٹاگرام
سونیا حسین غلط فہمی کا شکار ہوئی ہوں گی، عروہ حسین—فائل فوٹو؛ انسٹاگرام

عروہ حسین نے کہا کہ انہیں سونیا حسین کی جانب سے نوٹس بھجوائے جانے کے معاملے کا کوئی علم نہیں اور یہ کہ انہیں یقین ہے کہ سونیا حسین غلط فہمی کا شکار ہوئی ہوں گی، جس سے وہ آپس میں مل کر حل کرلیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: سونیا حسین نے عروہ حسین کو 50 لاکھ ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا

اسی دوران عروہ حسین نے تسلیم کیا کہ ان کی فلم کو بنتے بنتے بہت وقت لگا اور وہ مسائل کا بھی شکار رہے، تاہم انہوں نے یہ نہیں کہا کہ انہوں نے سونیا حسین کو معاوضہ دینے میں تاخیر کی۔

عروہ حسین کا کہنا تھا کہ پاکستانی انڈسٹری بہت چھوٹی ہیں، وہ آپس میں کیوں اختلافات پیدا کریں گی، ان کے درمیان جو کچھ بھی غلط فہمیاں ہوں گی، وہ انہیں دور کرلیں گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ممکن ہے کہ سونیا حسین نے انہیں کال بھی کی ہو مگر انہیں اس متعلق کوئی علم نہیں کہ اداکارہ نے انہیں 50 لاکھ کا قانونی نوٹس بھجوایا ہے۔

اداکارہ نے امید کا اظہار کیا کہ سونیا حسین کو ضرور کوئی غلط فہمی ہوئی ہوگی اور یہ کہ وہ آپس میں بات کرکے معاملات کو طے کرلیں گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں