’عبداللہ اب پاکستانی ٹیم میں میری جگہ نہ لے جائے‘، شاداب اور سرفراز کی دلچسپ گفتگو وائرل

اپ ڈیٹ 18 نومبر 2022
شاداب خان اور سرفراز احمد کی دلچسپ گفتگو کے ساتھ ساتھ سابق کپتان کے بیٹے کی ویڈیو کے بھی خوب چرچے ہو رہے ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی
شاداب خان اور سرفراز احمد کی دلچسپ گفتگو کے ساتھ ساتھ سابق کپتان کے بیٹے کی ویڈیو کے بھی خوب چرچے ہو رہے ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی

قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد ٹیم میں ہوں یا نہیں لیکن وہ پاکستانی عوام کے ساتھ ساتھ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے دلوں میں بھی جگہ بنائے ہوئے ہیں اور قومی ٹیم کے کھلاڑی ان کا دل سے احترام کرتے ہیں۔

بالخصوص قومی ٹیم کے موجودہ کھلاڑیوں کے لیے سرفراز ایک خاص مقام رکھتے ہیں کیونکہ اکثریت نے ان کی زیر قیادت اپنا ڈیبیو کیا اور انہی کھلاڑیوں میں سے ایک شاداب خان بھی ہیں جو میدان کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا بھی متحرک نظر آتے ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سوشل میڈیا پر شاداب خان اور سرفراز احمد کی دلچسپ گفتگو کے ساتھ ساتھ سابق کپتان کے بیٹے کی ویڈیو کے بھی خوب چرچے ہو رہے ہیں۔

سرفراز نے اپنے بیٹے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے اس میں شاداب خان کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ ویڈیو چیک کرو، اس ویڈیو میں ان کے بیٹے عبداللہ کو شاداب کی طرح لیگ اسپن گیند بازی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

شاداب نے اس پر جواب دیا کہ عبداللہ نے پہلے سیفی بھائی کے دل میں میری جگہ لے لی، اب پاکستان ٹیم میں میری جگہ نہ لے جائے۔

اس پر سرفراز نے بھی اسپنر کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایسا نہیں ہونے والا، آپ اور عبداللہ دونوں دل میں ساتھ آئے تھے اور ہمیشہ رہیں گے۔

آل راؤنڈر نے اس پر سرفراز کا شکریہ ادا کیا۔

اسی طرح سرفراز کے بیٹے ایک اور ویڈیو بھی وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وکٹ کیپر بننے کے بجائے آل راؤنڈر بننے کی خواہش کا اظہار کرتے ہیں۔

عبداللہ سرفراز نے ویڈیو میں کہا کہ انہیں قائد اعظم ٹرافی میں والد کی 102 رنز کی اچھی تو لگی لیکن وہ ان کی طرح وکٹ کیپر نہیں بننا چاہتے۔

ننھے کرکٹر نے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں گفتگو کے دوران کہا کہ وہ آل راؤنڈر بن کر محمد عامر کی طرح باؤلنگ اور بابر اعظم کی طرح بیٹنگ کرنا چاہتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں