فٹ بال ورلڈ کپ کا پہلا اپ سیٹ، سعودی عرب نے ارجنٹینا کو شکست دے دی

اپ ڈیٹ 22 نومبر 2022
میسی نے ایک گول کیا — فوٹو: رائٹرز
میسی نے ایک گول کیا — فوٹو: رائٹرز

فٹ بال ورلڈ کپ 2022 کے تیسرے روز بڑا اپ سیٹ ہوا جہاں سعودی عرب نے مضبوط ارجنٹینا کی ٹیم کو 1-2 سے شکست دے دی۔

قطر کے لوسیل اسٹیڈیم میں ورلڈ کپ گروپ سی کا مقابلہ ارجنٹینا اور سعودی عرب کے درمیان ہوا جہاں شہرہ آفاق فٹ بالر لیونل میسی نے 10ویں منٹ میں پہلا گول کرکے برتری ضرور ثابت کی لیکن ٓسے آخر تک برقرار رکھنے میں ناکام ہوگئے۔

فیفا نے میچ میں ارجنٹینا کی شکست کو ٹوئٹ میں ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا اپ سیٹ قرار دیا۔

دونوں ٹیموں نے پہلے گول کے بعد اچھا مقابلہ کیا تاہم سعودی عرب نے 48 ویں منٹ میں پہلا گول کرکے میچ برابر کردیا۔

سعودی عرب کی جانب سے صالح الشھری نے پہلا گول کیا، جس کے بعد سالم محمد الدوسری نے دوسرا گول کیا اور ٹیم کو برتری دلادی۔

ارجنٹینا کی مضبوط ٹیم نے گول کرنے کے کئی کوششیں کیں لیکن سعودی عرب کے ڈیفنس کی کارکردگی شان دار رہی اور میسی جیسے اسٹرائیکر مزید گول کرنے میں ناکام رہے۔

سعودی عرب کے گول کیپر الاویس نے ارجنٹینا کے کھلاڑیوں کو مکمل طور پر بے بس کردیا اور ان کے تمام حربے ناکام بنائے۔

میسی اپنی ٹیم کو پہلا میچ میں فتح دلا نہ سکے—فوٹو:رائٹرز
میسی اپنی ٹیم کو پہلا میچ میں فتح دلا نہ سکے—فوٹو:رائٹرز

الاویس نے اختتامی لمحات میں گیند روکنے کی زبردست کوشش کے دوران اپنے ہی کھلاڑی کے سر پر پاؤں مارا، حادثاتی طور پر لگنے کی والی چوٹ کے باعث ڈاکٹروں کو میدان میں طلب کیا گیا۔

اس موقع پر تھوڑی دیر تک کھیل روک دیا گیا تاہم مطلوبہ طبی امداد کے بعد کھیل دوبارہ شروع ہوا اور 100 منٹ کا کھیل مکمل ہوا۔

میچ کا اختتام سعودی عرب کی ایک گول کی برتری کے ساتھ ہوا اور یوں روں ورلڈ کپ کا پہلا اپ سیٹ ہوا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Talha Nov 22, 2022 05:31pm
Mabrook