لاہور: ٹک ٹاکر دست درازی کیس میں 16 ملزمان پر فرد جرم عائد

24 نومبر 2022
ملزمان نے اعتراف جرم نہیں کیا اور مقدمے کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے— فائل فوٹو: وائٹ اسٹار
ملزمان نے اعتراف جرم نہیں کیا اور مقدمے کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے— فائل فوٹو: وائٹ اسٹار

لاہور کی سیشن کورٹ نے گزشتہ سال مینار پاکستان پر ٹک ٹاکر عائشہ اکرم پر حملے کے مقدمے میں 16 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو ملزمان عامر سہیل عرف ریمبو، ارسلان، عابد احمد اور افتخار عدالت میں پیش ہوئے۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عشرت عباس نے استغاثہ کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ سماعت پر اپنے گواہوں کو پیش کریں کیونکہ تمام ملزمان نے اعتراف جرم نہیں کیا اور مقدمے کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا۔

لاری اڈا پولیس نے 400 نامعلوم افراد کے خلاف 14 اگست 2021 کو ٹک ٹاکر پر حملے، چھیڑ چھاڑ اور برہنہ کرنے کے الزام میں ایف آئی آر درج کی تھی۔

ایف آئی آر میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 354-اے، 382، 147 اور 149 کو شامل کیا گیا تھا۔

اپنے میڈیا بیانات میں ریمبو نے الزام لگایا تھا کہ دراصل ٹک ٹاکر اسے بلیک میل کر رہی تھیں، انہوں نے یہ الزام بھی لگایا کہ عائشہ نے انہیں اس وقت ایف آئی آر میں نامزد کیا جب انہوں نے گرفتار افراد کی رہائی کے عوض انہیں رقم دینے سے انکار کردیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں