متعدد بار تاخیر کا شکار رہنے والی فلم ’ٹچ بٹن‘ ریلیز

26 نومبر 2022
<p>فلم کو دنیا بھر میں ریلیز کردیا گیا—اسکرین شاٹ</p>

فلم کو دنیا بھر میں ریلیز کردیا گیا—اسکرین شاٹ

متعدد بار تاخیر کا شکار اور مسائل میں پھنسی فلم ’ٹچ بٹن‘ کو بلآخر پاکستان سمیت دنیا بھر میں 25 نومبر کو ریلیز کردیا گیا۔

گلوکار و اداکار فرحان سعید اور فیروز خان کی فلم کی شوٹنگ 2018 میں شروع کی گئی تھی اور اسے 2019 کے اختتام تک ریلیز کیے جانے کا امکان تھا، تاہم ایسا نہ ہو سکا تھا۔

بعد ازاں دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی کورونا کی وبا آنے کی وجہ سے اس کی ریلیز تاخیر کا شکار ہوئی، تاہم فروری 2020 میں اس کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے اسے اسی سال عید الفطر پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

تاہم کورونا کے باعث سینمائوں کی بندش کی وجہ سے ٹچ بٹن کی نمائش بھی دیگر فلموں کی طرح روک دی گئی تھی اور پھر رواں برس جولائی میں فلم کو 2022 کے آخر تک پیش کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جب کہ ایک ہفتہ قبل اس کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے 11 نومبر کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

تاہم فلم کی ریلیز کی تاریخ کے اعلان کے بعد اس کے اداکار فیروز خان پر سابق اہلیہ علیزے فاطمہ سلطان کی جانب سے تشدد کے الزامات لگانے جانے اور فلم کی مرکزی اداکارہ سونیا حسین کی جانب سے پروڈیوسر عروہ حسین پر معاوضہ نہ دیے جانے کے الزامات کے بعد فلم کی نمائش کو ملتوی کرتے ہوئے اسے 25 نومبر کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

’ٹچ بٹن‘ جہاں اداکارہ عروہ حسین کی پروڈیوس کی جانے والی پہلی فلم ہے، وہیں یہ فرحان سعید کی بطور فلم اداکار بھی پہلی فلم ہے، اس سے قبل وہ چھوٹی اسکرین پر ڈیبیو کر چکے ہیں۔

فرحان سعید اور عروہ حسین سمیت فلم کی ٹیم میں شامل دیگر افراد نے بتایا کہ ’ٹچ بٹن‘ کو 25 نومبر کو پاکستان سمیت دیگر ممالک میں بھی ریلیز کردیا گیا۔

’ٹچ بٹن‘ کو بیک وقت پاکستان، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) برطانیہ، امریکا، نیوزی لینڈ، کینیڈا اور خلیجی ممالک میں بھی ریلیز کیا گیا۔

’ٹچ بٹن‘ میں سونیا حسین اور ایمان علی نے فرحان سعید اور فیروز خان کے مخالف کردار ادا کیے ہیں۔

فلم میں سینیئر اداکار سہیل احمد بھی مرکزی کردار میں دکھائی دیں گے جب کہ دیگر اداکاروں کو بھی ایکشن میں دیکھا جا سکے گا۔ ’ٹچ بٹن‘ کو فرحان سعید اور ان کی اہلیہ عروہ حسین سمیت محمد جرجیس سیجا نے پروڈیوس کیا ہے اور اس کی ہدایات قاسم علی مرید نے دی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں