وزیر اعظم کی انگلش ٹیم سے ملاقات، راولپنڈی ٹیسٹ جیتنے پر مبارکباد

اپ ڈیٹ 06 دسمبر 2022
وزیر اعظم شہباز شریف انگلش ٹیم کے نمائندوں سے گفتگو کررہے ہیں— فوٹو: اے پی پی
وزیر اعظم شہباز شریف انگلش ٹیم کے نمائندوں سے گفتگو کررہے ہیں— فوٹو: اے پی پی

وزیر اعظم شہباز شریف نے انگلینڈ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں عشائیہ دیا اور راولپنڈی میں پاکستان کو اپنے پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست دینے پر مہمان کھلاڑیوں کو مبارکباد دی۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ ایک تاریخی لمحہ ہے کیونکہ 17 سال بعد انگلش ٹیم پاکستان میں موجود ہے، بدقسمتی سے ان کا آخری دورہ 2005 میں تھا جب پاکستان کو ناقابل برداشت انتہاپسندی اور دہشت گرد حملوں کا سامنا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بڑی قربانیاں دینے کے بعد دہشت گردی کو شکست دینے میں کامیاب ہوا کیونکہ فوجیوں اور شہریوں سمیت ہزاروں پاکستانیوں نے اس جنگ میں اپنی جانوں کی قربانیاں دیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے برطانیہ کے ساتھ مختلف سطحوں پر شاندار تعلقات ہیں اور کرکٹ بھی ان میں سے ایک ہے، انہوں نے کہا کہ برطانیہ نے ہمیشہ پاکستانی عوام اور ان کی فلاح و بہبود کی حمایت کی ہے اور امید ظاہر کی کہ کرکٹ ٹیم کا یہ دورہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات میں پُل کا کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے پاکستان کرکٹ کو سپورٹ کرنے پر برطانوی ہائی کمشنر اور برطانوی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ملک میں کرکٹ کی بحالی کے لیے پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجا کی کوششوں کو بھی سراہا۔

وزیر اعظم نے انگلش ٹیم کی شاندار پیشہ ورانہ صلاحیت اور کرکٹ کے کھیل کے لیے جذبے کو بھی سراہا۔

وزیر اعظم شہباز شریف قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سے مصافحہ کررہے ہیں— فوٹو: اے پی پی
وزیر اعظم شہباز شریف قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سے مصافحہ کررہے ہیں— فوٹو: اے پی پی

اس موقع پر شہباز شریف نے پاکستان کے کرکٹ لیجنڈز کو خراج تحسین پیش کیا جن میں اوول کے ہیرو فضل محمود اور لٹل ماسٹر کے نام سے مشہور حنیف محمد شامل ہیں۔

بوہرہ برادری

قبل ازیں وزیراعظم نے داؤدی بوہرہ برادری کے ایک وفد سے ملاقات میں معاشرے کو عدم برداشت سے پاک اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ مذہبی رواداری اور ہم آہنگی قائداعظم محمد علی جناح کے سنہری اصول تھے اور یہ پاکستان کی بنیاد اور اس کی خارجہ پالیسی کا بھی حصہ تھے۔

وفد کی قیادت داؤدی بوہرہ برادری کے روحانی پیشوا مفضل سیف الدین کے نمائندے کمیل یونس کر رہے تھے۔

شہبازشریف نے برہرہ برادری کو امن پسند کمیونٹی قرار دیتے ہوئے پاکستان کے لیے ان کی فلاحی خدمات کے ساتھ ساتھ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بوہرہ برادری کے کردار کو بھی سراہا، انہوں نے کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ سیلاب زدگان کے لیے امداد اور بحالی کی کوششوں میں بھرپور حصہ لیں۔

تبصرے (0) بند ہیں