عمران خان سے گھڑی خریدی نہ کوئی تعلق ہے، مبینہ خریدار نے دعووں کی تردید کردی

اپ ڈیٹ 08 دسمبر 2022
مبینہ خریدار شفیق نے بتایا کہ جناح سپر مارکیٹ ایف 7 میں میری دکان تھی — فوٹو: ٹوئٹر
مبینہ خریدار شفیق نے بتایا کہ جناح سپر مارکیٹ ایف 7 میں میری دکان تھی — فوٹو: ٹوئٹر

سابق وزیراعظم عمران خان سے گھڑی خریدنے والے مبینہ تاجر محمد شفیق نے گھڑی خریدنے کے پی ٹی آئی کے دعووں کی تردید کردی۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے یہ دعوٰی کیا جاتا رہا ہے کہ عمران خان کو تحفے میں ملنے والی گھڑیوں کو اسلام آباد میں فروخت کیا گیا اور اس سلسلے میں تمام قانونی تقاضوں کو پورا کیا گیا۔

گزشہ ماہ کے وسط میں دبئی میں مقیم کاروباری شخصیت عمر فاروق ظہور نے دعویٰ کیا تھا کہ عمران خان کو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے تحفے میں دی گئی گھڑی 20 لاکھ ڈالر میں انہیں فروخت کی گئی۔

اسی طرح سے کچھ میڈیا رپورٹس میں عمران خان کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ انہوں نے اسلام آبادکے ہیرے کے تاجر محمد شفیق کو گھڑی بیچی اور اس بات کی رسید بھی توشہ خانہ میں جمع کرائی ۔

سوشل میڈیا پر زیر گردش ویڈیو میں عمران خان کی گھڑی کے مبینہ خریدار محمد شفیق نے بتایا کہ ’میری جناح سپر مارکیٹ ایف 7 میں دکان ہے، میرے خلاف پروپیگنڈا چل رہا ہے کہ میں نے عمران خان کی گھڑی خریدی۔‘

محمد شفیق نے کہا کہ نہ میں نے کوئی گھڑی خریدی اور نہ ہی میرا اس سے کوئی تعلق ہے، نہ وہ میرا بل ہے، نہ دستخط ہیں، نہ میری لکھائی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’میری دکان کی اسٹمپ کا غلط استعمال کیا گیا، میں کافی عرصے سے خاموش تھا کہ معاملہ ختم ہو جائے لیکن مجھے ہر طرف سے پریشانی ہوئی، میرا نام استعمال کیا جارہا ہے، ان تمام باتوں کی تردید کرتا ہوں، اگر مجھے اس معاملے میں گھسیٹا جائے گا تو قانونی چارہ جوئی کروں گا۔‘

پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری نے کہا تھا کہ جس ڈیلر کو ہم نے 5 کروڑ 70 لاکھ میں گھڑی فروخت کی، ہماری اطلاعات کے مطابق اس ڈیلر نے عمر ظہور کو 6 کروڑ 10 لاکھ میں فروخت کی، ہم ڈیلر کا نام ظاہر نہیں کرنا چاہتے کیونکہ وہ حراست کے خوف سے ملک سے فرار ہو کر دبئی میں مقیم ہیں، ہم ان سے اس حوالے سے جلد رابطہ کریں گے، جس کے بعد حقائق سامنے لائیں گے۔

ایک اور سینئر پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے دبئی میں گھڑی فروخت کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان نے پاکستانی مارکیٹ میں 5 کروڑ 70 لاکھ روپے میں گھڑی فروخت کی تھی اور ساتھ میں ٹیکس بھی ادا کیا جبکہ انہوں نے اپنے گوشواروں میں بھی یہ قیمت ظاہر کی تھی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ نجی ٹی وی چینل میں عمر ظہور نامی آدمی نے دعویٰ کیا کہ عمران خان نے انہیں گھڑی فروخت کی ہے لیکن عمر ظہور نام کے کسی شخص کو گھڑی فروخت نہیں کی اور نہ ہی گھڑی کو فروخت کرنے کے لیے فرح گجر کے حوالے کیا گیا اور نہ ہی ان کا عمر ظہور سے کوئی تعلق ہے، پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ گھڑی کی قیمت کا تعین مقامی دکان سے کرایا گیا۔

واضح رہے کہ کچھ دیر قبل ایک آڈیو کلپ منظر عام پر آیا جس میں مبینہ طور پر پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری اور عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو سابق وزیر اعظم کے پاس موجود گھڑیوں کی فروخت کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔

آڈیو کے آغاز میں بشریٰ بی بی نے مبینہ طور پر زلفی بخاری کو بتایا کہ ’عمران خان کی چند گھڑیاں ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ وہ گھڑیاں آپ کو دے دوں تاکہ آپ انہیں فروخت کردیں، یہ گھڑیاں ان کے زیر استعمال نہیں ہیں، اس لیے وہ چاہتے ہیں کہ انہیں فروخت کر دیا جائے۔‘

مبینہ آڈیو میں بات چیت کا اختتام کرتے ہوئے زلفی بخاری نے کہا کہ ’جی ضرور مرشد، میں یہ کر دوں گا۔‘

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں