طلاق کے بعد سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری کی پہلی رومانوی فلم

اپ ڈیٹ 16 دسمبر 2022
فلم فروری 2023 میں ریلیز کی جائے گی—پرومو فوٹو
فلم فروری 2023 میں ریلیز کی جائے گی—پرومو فوٹو

ماضی کی مقبول رومانوی جوڑی سائرہ یوسف اور اداکار شہروز سبزواری طلاق کے دو سال بعد فروری 2023 میں عالمی یوم محبت کے موقع پر پہلی بار اسکرین پر رومانس کرتے دکھائی دیں گے۔

سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری اگرچہ ماضی میں بھی ایک ساتھ اسکرین پر کام کر چکے ہیں اور حقیقی زندگی میں بھی رومانس کرچکے ہیں لیکن اب وہ طلاق کے دو سال بعد رومانوی فلم ’بے بی لیشس‘ (Babylicious) میں ایک ساتھ کام کرتے دکھائی دیں گے۔

دونوں کے درمیان فروری 2020 میں شادی کے 8 سال بعد طلاق ہوگئی تھی، دونوں نے 2012 میں پسند کی شادی کی تھی اور ان کا شمار بہترین رومانوی جوڑیوں میں ہوتا تھا۔

طلاق کے چند ہفتوں بعد ہی شہروز سبزواری نے ماڈل صدف کنول سے شادی کرلی تھی اور انہیں رواں سال ایک بیٹی بھی ہوئی تھی جب کہ سائرہ یوسف نے تاحال دوسری شادی نہیں کی لیکن وہ بھی مستقبل میں رشتہ ازدواج میں بندھنے کا اشارہ دے چکی ہیں۔

طلاق کے بعد اگرچہ سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری الگ الگ ڈراموں اور فلموں میں دکھائی دیتے رہے ہیں لیکن اب دونوں ایک ساتھ رومانوی فلم میں دکھائی دیں گے۔

سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری نے اپنی آنے والی فلم ’بے بی لیشس‘ (Babylicious) کی پہلی جھلک انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ان کی فلم فروری 2023 میں ریلیز کی جائے گی۔

سائرہ یوسف نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ انہیں مذکورہ فلم پر کام کرتے ہوئے ایک دہائی سے زیادہ کا عرصہ لگا اور اب وہ بہت خوش ہیں کہ ان کی فلم جلد ریلیز ہوگی۔

اداکارہ نے لکھا کہ وہ اس بات پر بہت خوش ہیں اور انہیں امید ہے کہ ان کے مداح ان کی آنے والی فلم کو ضرور دیکھیں گے۔

ساتھ ہی انہوں نے سابق شوہر شہروز سبزواری کو مینشن کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ان کی طرح شہروز سبزواری نے بھی فلم کی پہلی جھلک کو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ویلن ٹائنزڈے کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ ان کی رومانوی فلم کو جاری کیا جائے۔

انہوں نے بھی سائرہ یوسف کو مینشن کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

’بے بی لیشس‘ (Babylicious) کی جاری کی گئی پہلی جھلک میں سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری کو رومانوی انداز میں ایک دوسرے کو گلے لگاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ان کی فلم کی پہلی جھلک پر مداحوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ساتھ ہی دونوں کے پیشہ ورانہ رویے کو بھی سراہا۔

’بے بی لیشس‘ (Babylicious) کی ہدایات عمر عیسیٰ خان نے دی ہیں اور اس کی کہانی ممکنہ طور پر شادی شدہ جوڑے کے درمیان گھومتی ہے۔

فلم کو سائرہ یوسف نے ہی پروڈیوس کیا ہے، انہوں نے کوکونٹ پاکستان نامی پروڈکشن کمپنی بھی بنا لی ہے۔

سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری نے مذکورہ فلم کی شوٹنگ پر طلاق سے کئی سال قبل کام شروع کردیا تھا مگر متعدد وجوہات کی بنا پر فلم مسلسل تاخیر کا شکار رہی جب کہ جب دونوں کی طلاق ہوئی تھی، اس وقت تک فلم کی 95 فیصد شوٹنگ مکمل کرلی گئی تھی۔

اب خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم کا ٹریلر آئندہ ماہ جنوری تک ریلیز کیا جائے گا جب کہ ممکنہ طور پر سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری فلم کی تشہیر کے لیے بھی ایک ساتھ دکھائی دیں گے، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں