چینی سفیر کی اسحٰق ڈار سے ملاقات، ہر قسم کی مدد کی یقین دہانی

اپ ڈیٹ 22 دسمبر 2022
اسحٰق ڈار نے اپنے بیان میں چینی سفیر کے مسلسل تعاون اور مدد کا شکریہ ادا کیا — فوٹو: پی آئی ڈی
اسحٰق ڈار نے اپنے بیان میں چینی سفیر کے مسلسل تعاون اور مدد کا شکریہ ادا کیا — فوٹو: پی آئی ڈی

چین نے پاکستان کو مسلسل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا ہے کہ چینی حکومت پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کو تیار ہے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں چینی سفیر نونگ رونگ کی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار سے ملاقات ہوئی جس میں چینی سفیر نے وزیر خزانہ کو چین کی حکومت کی جانب سے مسلسل تعاون کا یقین دلایا۔

جاری بیان میں کہا گیا کہ چین کی حکومت پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر قسم کی مد د کرنے کو تیار ہے۔

گزشتہ ماہ نومبر میں اسحٰق ڈار نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ چین کے دوران پاکستان نے چین سے اضافی مالی مدد کے لیے 9 ارب ڈالر کی امداد طلب کی تھی، اس پر چینی قیادت نے 4 ارب کے خودمختار قرضوں، 3 ارب 30 کروڑ ڈالر کے کمرشل بینک قرضوں کی ری فنانسنگ اور کرنسی تبادلے کو تقریباً ایک ارب 45 کروڑ ڈالر بڑھانے کا وعدہ کیا تھا، یہ رقم مجموعی طور پر 8 ارب 75 کروڑ ڈالر بنتی ہے۔

پاکستان کو قرض اور تجارتی ادائیگیوں سمیت بین الاقوامی ادائیگیوں کے لیے 30 جون 2023 تک کم از کم 34 ارب ڈالر کی ضرورت ہے، چین اور سعودی عرب نے تقریباً 13 ارب ڈالر کی اضافی امداد کی یقین دہانی کروائی ہے۔

اسحٰق ڈار نے اپنے بیان میں چینی سفیر کے مسلسل تعاون اور مدد کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور مضبوط دوستانہ تعلقات کو سراہا۔

دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات بالخصوص اقتصادی اور مالیاتی شعبے کو مزید وسعت دینے کے مواقع پر غور کیا۔

چینی سفیر نے حکومت کی جانب سے مالیاتی اور اقتصادی استحکام کو برقرار اور اس میں اضافے کے لیے کیے جانے والے پالیسی اقدامات کی تعریف کی۔

اس سے قبل اسحٰق ڈار نے کہا تھا کہ چینی صدر اور وزیر اعظم نے پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کو یقین دہانی کروائی ہے کہ چین کی حکومت پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور کبھی مایوس نہیں کرے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں