امریکا میں موسم سرما کے طوفان کی وجہ سے بیشتر حصے سخت سردی کی لپیٹ میں ہیں، ملک کی 2 تہائی آبادی کے لیے انتباہ جاری کیا گیا ہے جبکہ درجہ حرارت منفی 40 ڈگری تک گر سکتا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق کرسمس کی تعطیلات کے آغاز سے قبل ایک طوفان کے ’بم سائیکلون‘ میں تبدیل ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جو شمالی میدانی علاقوں، بالائی وادی مسیسیپی اور مغربی نیویارک تک برفانی طوفان کا سبب بن سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکا۔میکسیکو سرحد پر تیز ہواؤں کے ساتھ سردی کی شدت میں اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

امریکا کی خلیجی ساحلی ریاستوں ٹیکساس، لوزیانا، الاباما اور فلوریڈا میں ہارڈ فریز وارننگز جاری کی گئی ہیں جبکہ شدید برف باری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

نیشنل ویدر سروس (این ڈبلیو ایس) نے رپورٹ کیا کہ واشنگٹن سے لے کر فلوریڈا تک 48 میں سے زیادہ تر ریاستوں میں سخت سردی کے حوالے سے الرٹ جاری کیے گئے، اس کے ساتھ ساتھ دیگر ایڈوائزریز بھی جاری کی گئی ہیں، جس کی وجہ سے امریکا کی تقریباً 60 فیصد یعنی 20 کروڑ آبادی کو سخت سردی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

این ڈبلیو ایس کے مطابق شدید سردیوں کے حوالے سے انتباہات اور ایڈوائزریز اب تک کی سب سے بڑی حدوں میں سے ایک کو دکھایا گیا ہے۔

امریکا کے موسمیاتی سروس نے بتایا کہ بم سائیکلون سے فی گھنٹے میں آدھے انچ تک کی برف باری کا سبب بن سکتا ہے جبکہ طوفانی ہوائیں چلنے سے حد نگاہ صفر تک پہنچ سکتی ہے۔

نیشنل ویدر سروس نے بتایا کہ یخ بستہ ہوائیں چل سکتی ہیں اور ناردرن روکیز سے گریٹ بیسن تک درجہ حرارت منفی 40 تک گر سکتا ہے۔

تیز ہواؤں، شدید برف باری کی وجہ سے بجلی کی فراہمی میں تعطل آسکتا ہے، اس کے ساتھ ساتھ توانائی کی معمول سے زیادہ طلب کا دباؤ بھی پڑ سکتا ہے۔

ہزاروں پروازیں منسوخ

فلائٹ ٹریکنگ سروس فلائٹ اویئر کے مطابق امریکا میں 5 ہزار سے زائد فلائٹس منسوخ ہو چکی ہیں، صرف شگاگو میں دو بڑے ہوائی اڈوں پر تقریباً 1300 پروازیں منسوخ ہوئی ہیں۔

24 سالہ برینڈن میٹس نے بتایا کہ ان کی نیویارک سے اٹلانٹا جانے والی فلائٹ جمعرات کو منسوخ ہو گئی تھی، جس کی وجہ سے کوئنز میں ایئر پورٹ پر اضطراب کا شکار ہو گئے تھے۔

انہوں نے رائٹرز کو بتایا کہ انہوں نے متبادل راستوں کو تلاش کیا، اٹلانٹا جانے کے لیے بس کے 21 گھنٹے کے سفر پر بھی غور کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ امریکا کی آٹوموبائل ایسوسی ایشن نے 23 دسمبر سے 2 جنوری کے درمیان اپنے گھر سے 80 کلومیٹر یا زائد کا سفر کرنے والوں کی تعداد کا اندازہ 11 کروڑ سے زائد کا لگایا ہے۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے وائٹ ہاؤس میں تبصرہ کرتے ہوئے امریکیوں پر زور دیا ہے کہ وہ سفر کرنے سے پہلے دو بار سوچیں، متوقع طوفان بہت خطرناک ہو سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ برف باری والے دن اس طرح کے نہیں ہیں، جو آپ نے بچپن میں دیکھے تھے، یہ بڑی سنجیدہ چیز ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں