نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار بیٹنگ، بابر اعظم نے عالمی ریکارڈ بنا دیا

اپ ڈیٹ 26 دسمبر 2022
بابر اعظم نے سال 2022 میں 25ویں بار 50 کا ہندسہ عبور کر کے ریکارڈ بنایا — فوٹو: اے ایف پی
بابر اعظم نے سال 2022 میں 25ویں بار 50 کا ہندسہ عبور کر کے ریکارڈ بنایا — فوٹو: اے ایف پی

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی شاندار فارم کا سلسلہ جاری ہے اور انہوں نے اپنی اس عمدہ کارکردگی کی بدولت ایک سال میں 50 رنز سے زائد کی سب سے زیادہ اننگز کا یا عالمی ریکارڈ برابر کردیا۔

انگلینڈ کے خلاف سیریز میں اچھی کارکردگی کی بدولت عالمی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر پہنچنے والے بابر اعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں بھی بہترین کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھا۔

آج نصف سنچری کا اسکور عبور کرنے کے ساتھ ہی قومی ٹیم کے کپتان نے عالمی ریکارڈ برابر کر دیا اور ایک سال میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے والے بلے باز کمارسنگاکارا کے ہم پلہ آگئے۔

قومی ٹیم کے کپتان نے چوکا لگا کر نیوزی لینڈ کے خلاف نصف سنچری مکمل کی جو ان کی اس سال انٹرنیشنل کرکٹ میں 50 رنز یا اس سے زائد کا 25واں اسکور ہے اور وہ ایک سال میں سب سے 50 سے زائد اسکور کرنے والے دوسرے بلے باز بن گئے۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا نے 2014 میں 25 مرتبہ یہی اعزاز حاصل کیا تھا۔

آسٹریلیا کے سابق بلے باز رکی پونٹنگ نے 2005 میں ایک سال میں 24 نصف سنچریاں یا اس سے زائد اسکور کیا تھا، جس کو بابراعظم نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوران برابر کردیا تھا۔

صرف یہی نہیں بلکہ اس اننگز کے دوران بابر، پاکستان کی جانب سے ایک سال کے دوران سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بھی بن گئے ہیں۔

قومی ٹیم کے کپتان اس سال تمام فارمیٹس میں مجموعی طور پر 2500 سے زائد رنز اسکور کر چکے ہیں جو پاکستان کا ریکارڈ ہے۔

اس سے قبل ایک سال میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے کا ریکارڈ محمد یوسف کے پاس تھا جنہوں نے 2005 میں 2435 رنز اسکور کیے تھے۔

اس کے علاوہ رواں سال بابر اعظم نے ٹیسٹ کرکٹ میں ہزار رنز بنانے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا۔

صرف ٹیسٹ کرکٹ ہی نہیں بلکہ کھیل کے دیگر دو فارمیٹس میں بھی قومی ٹیم کے کپتان کی فارم شاندار رہی ہے۔

بابر نے اس سال ٹی20 کرکٹ میں 735 جبکہ 9 ون ڈے میچوں میں 679 رنز اسکور کیے۔

تبصرے (0) بند ہیں