کامیڈین علی گل پیر رشتہ ازدواج میں بندھ گئے

26 دسمبر 2022
کامیڈین نے دلہن کے ہمراہ تصاویر شیئر کیں—فوٹو: انسٹاگرام
کامیڈین نے دلہن کے ہمراہ تصاویر شیئر کیں—فوٹو: انسٹاگرام

’وڈیرے کا بیٹا اور تاڑو ماڑو‘ جیسے گانوں سے شہرت حاصل کرنے والے گلوکار و کامیڈین علی گل پیر نے دیرینہ دوست سے سال کے اختتامی ہفتے میں شادی کرکے نئی زندگی کا آغاز کردیا۔

علی گل پیر کرسمس کے موقع پر انسٹاگرام پر دلہن کے ہمراہ تصاویر شیئر کرکے اپنے نکاح کی تصدیق کی۔

انہوں نے شادی کی پوسٹ میں دلہن کو مخاطب ہوتے ہوئے دلچسپ کیپشن لکھا کہ اب ان کی بیوی ہمیشہ کے لیے ان کے ساتھ پھنس کر رہ گئیں اور وہ بدلے میں انہیں ڈھیر سارا پیار اور خوشیاں دے کر ان کی زندگی کو حسین بنا دیں گے۔

علی گل پیر نے خوبصورت اور پیار کرنے والی شریک حیات ملنے پر خدا کا شکر بھی ادا کیا۔

کامیڈین نے لکھا کہ انہوں نے اپنی دلہن کو اس وقت بھی خوش رکھا اور انہیں ہنسایا جب ان کی ٹانگ ٹوٹی ہوئی تھی۔

اگرچہ علی گل پیر نے شادی کے بجائے نکاح کا لفظ استعمال کیا، تاہم ان کی دلہن نے اپنی پوسٹس میں بتایا کہ ان کی شادی ہوگئی۔

ان کی دلہن ڈاکٹر عظیمہ نکھوڈا نے چند دن قبل اپنی پوسٹ میں بتایا تھا کہ ان کی شادی کی تقریبات شروع ہوگئیں۔

بعد ازاں انہوں نے بھی شادی اور نکاح کے وقت کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے اہل خانہ اور دستوں کا شکریہ ادا کیا تھا۔

دونوں کی جانب سے شادی کی پوسٹ کیے جانے کے بعد شوبز شخصیات نے انہیں مبارک باد پیش کی اور ساتھ ہی مداحوں نے بھی ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

علی گل پیر کی دلہن کے انسٹاگرام پیج سے معلوم ہوتا ہ کہ ان کا تعلق شوبز سے نہیں ہے اور وہ ڈاؤ ہسپتال میں ڈاکٹر ہیں۔

خیال رہے کہ علی گل پیر کو اپنے مزاحیہ تنقیدی گانے ’وڈیرے کا بیٹا‘ سے شہرت ملی تھی جس کے بعد انہوں نے اسی طرح کے دیگر کامیڈی تنقیدی گانے بھی ریلیز کیے۔

پہلے چند گانوں کی کامیابی کے بعد علی گل پیر نے 2012 کے آخر میں ہی ’تاڑو ماڑو‘ گانا ریلیز کیا اور مذکورہ گانے نے بھی خوب پذیرائی حاصل کی۔

علی گل پیر کا تعلق صوبہ سندھ کے ضلع دادو کے ایک جاگیردار گھرانے سے ہے اور جب وہ کم عمر تھے تو ان کے والدین کی طلاق ہوگئی تھی۔

علی گل پیر اسلام آباد میں پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے کینیڈا میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد کراچی سے بھی تعلیم حاصل کی اور یہیں سے اپنے کیریئر کے بطور گلوکار شروعات کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں