پنجاب: اراضی جعلسازی کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی گرفتار

اپ ڈیٹ 27 دسمبر 2022
ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا ہے— فوٹو: قومی اسمبلی ویب سائٹ
ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا ہے— فوٹو: قومی اسمبلی ویب سائٹ

محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے سرکاری اراضی جعلسازی کیس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی چوہدری محمد اشرف کو گرفتار کرلیا۔

محکمہ اینٹی کرپشن کی طرف سے دائر کردہ ایف آئی آر کے مطابق رکن قومی اسمبلی ملزم چوہدری محمد اشرف نے محمد سلیم پٹواری اور ریاست علی گرداور سے مل کر 157 ایکڑ ایک کنال 16 مرلے سرکاری اراضی جعلسازی اور فراڈ سے جعلی گرداوری بنا کر اپنے قبضے میں رکھی ہوئی تھی۔

ایف آئی آر کے مطابق چوہدری محمد اشرف نے ایک فرضی شخص شریف احمد ہاشمی کو زمین کا جعلی الاٹی ظاہر کرکے سرکاری اراضی پر قبضہ کیا ہوا تھا۔

ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ ملزم نے جعلی گرداوریاں بنا کر سرکاری ریکارڈ میں جعلسازی کرتے ہوئے فصل کاشت کی جس کی رقم بھی سرکار کو ادا نہیں کی۔

ایف آئی آر میں مزید بتایا گیا ہے کہ ملزم نے ریونیو عملے کی ملی بھگت سے سرکاری اراضی کے جعلی دستاویزات بنا رکھے تھے اور اس جرم میں محکمہ ریونیو کے متعلقہ ملازمین بھی برابر کے شریک ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا ہے، لہٰذا ملزمان کے خلاف کاررائی عمل میں لائی جائے۔

تاہم محکمہ اینٹی کرپشن نے انکوائری کرکے چوہدری محمد اشر ف کو گرفتار کرلیا۔

خیال رہے کہ ملزم چوہدری محمد اشرف ساہیوال کے حلقہ 161 سے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں