• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:10pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:29pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:10pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:29pm

2022 میں 10 کروڑ افراد گھر چھوڑنے پر مجبور ہوئے، اقوام متحدہ

شائع December 28, 2022
رپورٹ میں کہا گیا ہے گھر بار چھوڑنے پر مجبور افراد کی یہ تعداد 2021 میں تقریباً 9 کروڑ تھی — فوٹو: اے ایف پی
رپورٹ میں کہا گیا ہے گھر بار چھوڑنے پر مجبور افراد کی یہ تعداد 2021 میں تقریباً 9 کروڑ تھی — فوٹو: اے ایف پی

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ سال 2022 میں کم از کم 10 کروڑ افراد اپنے گھر بار چھوڑ کر ملک سے بھاگنے پر مجبور ہوئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی سال کے آخر میں جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے گھر بار چھوڑنے پر مجبور افراد کی یہ تعداد 2021 میں تقریباً 9 کروڑ تھی، رواں سال سامنے آنے والی تعداد ایک ایسا ریکارڈ ہے جو کبھی قائم نہیں ہونا چاہیے تھا۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ یوکرین، افغانستان، ایتھوپیا، برکینا فاسو، شام اور میانمار سمیت دنیا کے کئی خطوں میں تشدد یا طویل مدتی تنازعات لوگوں کو ہجرت پر مجبور کرنے والے اہم عوامل تھے۔

ان اعداد و شمار میں وہ افراد شامل نہیں ہیں جو قدرتی آفات کی وجہ سے اپنے ہی ملک میں داخلی نقل مکانی پر مجبور ہوئے، 2022 کے موسم گرما میں غیر معمولی بدترین بارشوں کے نتیجے میں تباہ کن سیلاب کے باعث صرف پاکستان میں کم از کم 3 کروڑ لوگ بے گھر ہوئے، جو لوگ اس طرح کی قدرتی آفات کے نتیجے میں اپنے گھروں سے محروم ہوئے انہیں ’پناہ گزین‘ قرارنہیں دیاجاتا اور اس لیے اس طرح کی رپورٹس میں ان کا ذکر نہیں کیا جاتا۔

رپورٹ میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزین کا حوالہ دیتے ہوئے عالمی برادری سے کہا گیا ہے کہ 10 کروڑ افراد بہت بڑی تعداد ہے جو غور طلب ہونے کے ساتھ ساتھ تشویشناک بھی ہے، مہاجرین یہ تعداد ایک ایسا ریکارڈ ہے جو کبھی قائم نہیں ہونا چاہیے تھا۔

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزین نے کہا کہ اس مایوس کن صورتحال کو تباہ کن تنازعات کو حل کرنے اور روکنے کے لیے ایک ویک اَپ کال کے طور پر لینا چاہیے، ظلم و ستم کو ختم ہونا چاہیے اور ان بنیادی تنازعات کو حل کرنا چاہیے جو بے گناہ لوگوں کو اپنے گھروں سے بھاگنے پر مجبور کرتے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہزاروں مایوس تارکین وطن نے ترجیحی منزل کے طور پر یورپ کو دیکھا اور اپنی جانیں انسانی اسمگلروں کے ہاتھوں خطرے میں ڈالیں اور بحیرہ روم کو پار کرنےکے خطرناک سفر پر روانہ ہوئے اور اکثر یہ سفر المیے پر ختم ہوئے۔

اقوام متحدہ کی اس سے قبل جاری ایک رپورٹ کے مطابق 2021 میں بحیرہ روم اور بحر اوقیانوس کو عبور کرنے کی کوشش کے دوران 3 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک یا لاپتا ہو گئے جن میں سے اکثر کا تعلق افغانستان اور پاکستان سے تھا۔

ایک عالمی خیراتی گروپ ’ایس او ایس چلڈرن ویلجز ’ نے ایک حالیہ رپورٹ میں خبردار کیا کہ ان پناہ گزین میں نصف سے زیادہ بچے ہیں اور انہیں ناقابل یقین خطرات کا سامنا ہے۔

ان خطرات میں بیماری، غذائیت کی کمی، تشدد، محنت مزدوروں سے متعلق استحصال اور اسمگلنگ شامل ہیں، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یورپ اور امریکا میں پناہ گزینوں اور پناہ کے متلاشیوں کی آمد شہ سرخیوں میں رہی اور اس پر گرما گرم سیاسی بحث چھیڑ دی جب کہ دنیا کے 85 فیصد سے زیادہ بے گھر افراد کم ترقی یافتہ ممالک میں رہتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 13 نومبر 2024
کارٹون : 12 نومبر 2024