قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں آج اہم فیصلے متوقع

اپ ڈیٹ 02 جنوری 2023
جمعہ کو اجلاس میں کمیٹی نے دہشت گردی کو بھرپور قوت سے بلاتفریق ختم کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا — فائل فوٹو: اے پی پی
جمعہ کو اجلاس میں کمیٹی نے دہشت گردی کو بھرپور قوت سے بلاتفریق ختم کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا — فائل فوٹو: اے پی پی

ملک کے کچھ حصوں میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافے کے پیش نظر قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا دوسرا دور (آج) پیر کو منعقد ہوگا جس میں سیکیورٹی اور معیشت سے متعلق اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق جمعہ کو اعلیٰ سطح کی باڈی نے دہشت گردی کو بھرپور قوت سے بلاتفریق ختم کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا اور اجلاس پیر تک مؤخر کردیا تھا تاکہ تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلوں کو حتمی شکل دی جاسکے۔

چونکہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس کا دوسرے دور تک جاری رہنا کافی غیر معمولی ہے، اس لیے یہ خیال کیا جاتا ہے کہ نہ صرف دہشت گردی سے نمٹنے بلکہ ملک کی تباہ حال معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے بھی فیصلے کیے جائیں گے۔

حکومت کے ایک ذرائع نے بتایا کہ سول اور فوجی قیادت نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ دہشت گردی کا شکار پاکستان 2001 میں شروع ہونے والی دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ کے بعد امن حاصل کر چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریاست دہشت گردی کو دوبارہ سر اٹھانے نہیں دے گی کیونکہ یہ امن ہزاروں پاکستانی شہریوں کی قربانی کی بدولت حاصل کیا گیا ہے۔

گزشتہ چند مہینوں کے دوران ملک میں امن و امان کی صورت حال مزید خراب ہوئی ہے، کالعدم تحریک طالبان پاکستان، داعش اور گل بہادر گروپ جیسے دہشت گرد گروہ پورے ملک میں بے دریغ حملے کر رہے ہیں۔

بلوچستان میں باغیوں نے بھی اپنی پرتشدد سرگرمیاں تیز کردی ہیں اور کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ گٹھ جوڑ قائم کرلیا ہے۔

بنوں میں خیبرپختونخوا پولیس کے انسدادِ دہشت گردی کے محکمے کے تفتیشی مرکز میں پیش آنے والے واقعے اور اسلام آباد میں خودکش دھماکے کی کوشش نے ناصرف ایوان اقتدار میں خطرے کی گھنٹی بجائی بلکہ کئی ممالک کو اپنے شہریوں کی سلامتی کے حوالے سے فکرمند بھی کردیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں