محب مرزا کے ساتھ ویڈیو شیئر کرنے پر صنم سعید کی شادی کی افواہیں

02 جنوری 2023
اداکارہ نے ویڈیو کو شیئر کرتے وقت شادی یا تعلقات کا جملہ استعمال نہیں کیا—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے ویڈیو کو شیئر کرتے وقت شادی یا تعلقات کا جملہ استعمال نہیں کیا—فوٹو: انسٹاگرام

معروف اداکار محب مرزا اور اداکارہ صنم سعید کی شادی کی افواہیں گزشتہ ڈیڑھ سال سے جاری ہیں اور اب اداکارہ کی جانب سے اداکار کے ہمراہ ویڈیو شیئر کیے جانے کے بعد ایک بار پھر ان کی شادی کی خبریں وائرل ہوگئیں۔

صنم سعید نے سال 2022 کے اختتام اور 2023 کے آغاز پر انسٹاگرام پر ایک مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے سال بھر کی کہانی کو پیش کیا۔

مذکورہ ویڈیو میں صنم سعید کو مختلف افراد کے ساتھ مختلف مقامات اور علاقوں کی سیر کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں اداکارہ نے اپنی فلم ’عشرت میڈ ان چائنا‘ کی شوٹنگ اور مناظر کی تصاویر بھی شیئر کیں، جس میں ان کے ہمراہ اداکار محب مرزا بھی دکھائی دیے۔

علاوہ ازیں انہوں نے محب مرزا کے ہمراہ سیر سپاٹوں کی رومانوی تصاویر کو بھی ویڈیو کا حصہ بنایا، جس پر ان کی شادی کی افواہیں شروع ہوئیں۔

اگرچہ اداکارہ نے کیپشن میں شادی یا رشتوں سے متعلق کوئی بات نہیں لکھی، تاہم اس باوجود سوشل میڈیا صارفین نے ان کی ویڈیو پر کمنٹس کیے کہ اب انہیں محب مرزا کے ساتھ شادی کا اعلان کرلینا چاہیے۔

لوگوں نے دعویٰ کیا کہ دونوں شادی کر چکے—اسکرین شاٹ
لوگوں نے دعویٰ کیا کہ دونوں شادی کر چکے—اسکرین شاٹ

لوگوں نے کمنٹس کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ محب مرزا اور صنم سعید کی شادی کافی عرصہ قبل ہی ہو چکی ہے، جس کا اب دونوں کو اعلان کرلینا چاہئیے۔

بعض لوگوں نے کمنٹس کرتے ہوئے انہیں رومانوی جوڑا قرار دیا اور ساتھ ہی فرمائش کی کہ وہ اپنی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کریں۔

زیادہ تر لوگوں نے انہیں خوبصورت جوڑا قرار دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ساتھ ہی دعوے کیے کہ دونوں نے شادی کرلی۔

دوسری جانب جیو نیوز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ محب مرزا نے کامیڈی ٹاک شو ’ہنسنا منع ہے‘ میں بات کرتے ہوئے پہلے مبہم انداز میں شادی کی تصدیق کی اور بعد ازاں کہا کہ ان کی شادی ہوگئی اور اب وہ زندگی میں اکیلے نہیں رہے۔

صنم سعید اور محب مرزا کی شادی کی افواہیں اس وقت سے جاری ہیں، جب دونوں کو ’عشرت، میڈ ان چائنا‘ فلم کی شوٹنگ اور تشہیر کے درمیان ایک ساتھ دیکھا گیا۔

دونوں مذکورہ فلم میں ایک ساتھ کام کرنے کے بعد مبہم انداز میں شادی اور تعلقات پر بھی بات کرتے دکھائی دیے مگر انہوں نے اپنے تعلقات اور شادی سے متعلق کوئی واضح بات نہیں کی۔

جون 2021 میں دونوں کی شادی کی افواہیں وقت پھیلی تھیں جب گلیکسی لولی وڈ نامی شوبز یوٹیوب چینل کے ایک شو ’واٹس دی 411‘ کے میزبانوں نے دونوں کے درمیان تعلقات کا دعویٰ کیا تھا۔

بعد ازاں دسمبر 2021 میں دونوں کی رومانوی انداز میں تصاویر وائرل ہونے کے بعد پھر سے چہ مگوئیاں ہوئی تھیں کہ دونوں نے خفیہ طور پر شادی کرلی اور اب صرف اعلان باقی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں