• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:29pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:54pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:57pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:29pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:54pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:57pm

سیلاب متاثرین کی بحالی، ججز کو سندھ میں نگران کمیٹیوں کی سربراہی سے ہٹا دیا گیا

شائع January 17, 2023
تفصیلی فیصلہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3  رکنی بینچ نے تحریر کیا — فائل فوٹو: سپریم کورٹ ویب سائٹ
تفصیلی فیصلہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے تحریر کیا — فائل فوٹو: سپریم کورٹ ویب سائٹ

سپریم کورٹ نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے بنائی گئی نگراں کمیٹیوں کے خلاف سندھ حکومت کی درخواستوں پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے ججز کو کمیٹیوں کی سربراہی سے ہٹادیا۔

سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے نگراں کمیٹیوں کے خلاف سندھ حکومت کی درخواستوں پر تفصیلی فیصلہ جاری کردیا گیا، تفصیلی فیصلہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے تحریر کیا۔

عدالت عظمیٰ کی جانب سے جاری کردہ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے شہری کمیٹیاں اپنا کام قانون کے مطابق جاری رکھیں گی، شہری کمیٹیاں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے اداروں کے ساتھ مل کر کام کریں۔

سپریم کورٹ نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سندھ حکومت کی درخواستیں جزوی منظور کرتے ہوئے سیلاب متاثرین کی بحالی پر ججز کو شہری کمیٹیوں کی سربراہی سے ہٹادیا اور سپریم کورٹ نے شہری کمیٹیوں کو ریلیف آپریشنز میں ہدایات دینے اور کنٹرول کرنے سے روک دیا۔

اس کے ساتھ ہی عدالت عظمیٰ نے پاکستان ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کو ریلیف آپریشنز کی رپورٹ ہر 2 ہفتوں بعد سندھ ہائی کورٹ میں جمع کرانے کا حکم دیا۔

اپنے فیصلے میں عدالت عظمیٰ نے سیلاب متاثرین کی بحالی اور نگرانی کے لیے قائم شہری کمیٹیوں میں خواتین کو بھی شامل کرنے کا حکم دیا، سپریم کورٹ نے سیلاب زدہ علاقوں میں خواتین کی دیکھ بھال کے لیے طبی سہولیات بھی فراہم کرنے کا حکم دیا۔

جسٹس منصور علی شاہ نے موسمیاتی تبدیلی سے ہونے والی تباہی پر اضافی نوٹ بھی تحریر کیا ہے، اپنے نوٹ میں انہوں نے کہا کہ بلاشبہ پاکستان کو سب سے زیادہ خطرہ موسمیاتی تبدیلی سے ہے، سیلاب کے بعد کی منصوبہ بندی قومی حکمت عملی کا اہم جزو ہونا چاہیے۔

جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ سیلاب کی تباہی سے بچنے کے لیے جامع پلان بنانا وزارت موسمیاتی تبدیلی اور این ڈی ایم اے کی ذمہ داری ہے۔

خیال رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے سول ججز کو شہری کمیٹیوں کا سربراہ تعینات کردیا تھا۔

سندھ حکومت نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو ایگزیکٹو معاملات میں مداخلت قرار دیتے ہوئے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 13 اکتوبر 2024
کارٹون : 12 اکتوبر 2024