بلوچستان: ہوشاب میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 4 دہشت گرد ہلاک

18 جنوری 2023
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا—فائل فوٹو: اے پی پی
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا—فائل فوٹو: اے پی پی
— فوٹو: آئی ایس پی آر
— فوٹو: آئی ایس پی آر

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرکے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ خفیہ اطلاع پر دہشت گردوں کے ٹھکانے کلیئر کرنے کے لیے آپریشن کیا گیا، جو سیکیورٹی فورسز اور شہریوں پر فائرنگ کے واقعات اور گوادر۔ہوشاب (ایم-8) پر دھماکا خیز مواد نصب کرنے میں ملوث تھے۔

مزید بتایا گیا کہ علاقے کی مسلسل انٹیلی جنس اور نگرانی کے نتیجے میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتا چلایا گیا، سیکیورٹی فورسز ہیلی کاپٹر کے ذریعے داخل ہوئیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ فورسز فرار ہونے والے راستے بلاک کر رہی تھیں، اس دوران 4 دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کردی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں چاروں دہشت گرد مارے گئے، ہلاک دہشت گردوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور آئی ای ڈیز بھی برآمد ہوئیں۔

یاد رہے کہ 30 نومبر کو بھی سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں خفیہ اطلاع پرکارروائی کرتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

بیان میں بتایا گیا تھا کہ 12 سے 14 دہشت گردوں کے ٹھکانے کی شناخت ہونے کے بعد سیکیورٹی فورسز پوزیشنز سنبھالنے کے عمل میں تھی کہ دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گرد مارے گئے اور ایک دہشت گرد کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا تھا جبکہ 2 دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب رہے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں