کینسر کی ویکسین کی آزمائش ناکام

26 جنوری 2023
—فوٹو:بلوم برگ
—فوٹو:بلوم برگ

امریکی دوا ساز کمپنی مرک انشورنس نے موذی مرض کینسر کو قابو کرنے یا اسے ختم کرنے کے لیے بنائی گئی دوا کی آزمائش کے نتائج ناکام ہونے کے بعد اس کا آزمائشی پروگرام بند کردیا۔

مرک انشورنس کمپنی گزشتہ کچھ عرصے سے کینسر کی مختلف ادویات اور ویکسینز کی تیاریوں میں پیش پیش ہے اور اس کی جانب سے اب بھی مختلف کینسرز کی ادویات کی آزمائش جاری ہے۔

تاہم کمپنی کی جانب سے پروسٹیٹ کینسر کے لیے بنائی گئی ویکسین ’ کیٹرڈا’ (Keytruda) کے نتائج خراب آنے پر اس کی آزمائش بند کردی گئی۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق کمپنی نے تصدیق کی کہ ویکسین کینسر کو روکنے اور کم کرنے میں ناکام ہوگئی، جس وجہ سے اس کی آزمائش کو بند کردیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ کمپنی نے تیسرے مرحلے کی آزمائش کے لیے 1251 رضاکاروں پر آزمائش کی گئی اور انہیں دوسری ادویات کے ساتھ ’ کیٹرڈا’ (Keytruda) ویکسین دی گئی۔

رپورٹ کے مطابق آزمائشی پروگرام کے دوران جب رضاکاروں کی بیماری کا جائزہ لیا گیا اور ان کے ٹیسٹس کیے گئے تو معلوم ہوا کہ ویکسین سے انہیں کوئی فائدہ نہیں پہنچا اور ویکسین کینسر کو روکنے اور اسے کم کرنے کے مطلوبہ نتائج نہیں دے سکی۔

ویکسین کی آزمائش کے ناکام نتائج کے بعد کمپنی نے ’ کیٹرڈا’ (Keytruda) کی آزمائش فوری طور پر بند کردی۔

کمپنی نے اپنے بیان میں ویکسین کی آزمائش کی ناکامی پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کینسر کے مریضوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں