پاکستان کا کشمیریوں کیلئے آواز اٹھانے کا سلسلہ جاری رکھنے کا عزم

06 فروری 2023
یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے پاکستان بھر میں تقریبات کا انعقاد ہوا—فائل فوٹو: اے ایف پی
یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے پاکستان بھر میں تقریبات کا انعقاد ہوا—فائل فوٹو: اے ایف پی

یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے پاکستان بھر میں تقریبات کا انعقاد ہوا جہاں سیاسی رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے حق خودارادیت کے لیے آواز بلند کرنے کا سلسلہ جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پاکستان 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر یہ پیغام دینے کے لیے منا رہا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کرتا ہے۔

مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے نکالی گئی واک کے بعد شرکا سے خطاب کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے اور قوم نے نسلوں سے مسئلہ کشمیر کی توثیق اور حمایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی حق خودارادیت کی تحریک کی حمایت کی ہے اور عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق اس دیرینہ مسئلے کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کے لیے مختلف حربے استعمال کر رہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم ایجنڈے میں کامیاب نہیں ہو گا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر کے سینئر رہنما غلام محمد صفی نے کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی میں حمایت کرنے پر پاکستان اور اس کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔

غلام محمد صفی نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر منانا عالمی برادری پر زور دینے کا ایک مؤثر طریقہ ہے کہ وہ نہتے کشمیری عوام پر مظالم کا سلسلہ بند کرنے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے۔

گلگت بلتستان میں یومِ یکجہتی کشمیر کا انعقاد

گلگت بلتستان میں بھی یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے کشمیری عوام کی حمایت کے اظہار کے لیے کئی ریلیاں اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

گلگت میں شاہی پولو گراؤنڈ سے اتحاد چوک تک ریلی نکالی گئی، تقریب میں سول سوسائٹی کے عہدیداران، سیاسی و مذہبی رہنماؤں اور طلبہ نے شرکت کی۔

اس موقع پر مقررین نے کہا کہ کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے اور کشمیر کی آزادی تک ملک اپنی جدوجہد جاری رکھے گا، انہوں نے ہاتھوں کی زنجیر بنا کر یکجہتی کا اظہار کیا۔

اسکردو، ہنزہ، نگر، غذر، دیامر، استور، شیگر، کھرمنگ اور گھانچے میں بھی ریلیاں نکالی گئیں۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے اپنے پیغام میں کہا کہ 5 فروری حق خود ارادیت کے حصول کے لیے کشمیریوں کے غیر متزلزل عزم اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور گلگت بلتستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی جدوجہد آزادی پر انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آزادی کشمیری عوام کا بنیادی حق ہے اور یہ اقوام متحدہ کا اخلاقی فرض ہے کہ وہ اپنے منشور پر عملدرآمد کرائے اور کشمیریوں کو آزادی کا بنیادی حق دلوائے۔

تبصرے (0) بند ہیں