کالعدم ٹی ٹی پی نے عمران خان کو قتل کرنے کا ٹاسک ملنے کا دعویٰ مسترد کردیا

09 فروری 2023
کالعدم ٹی ٹی پی نے مزید کہا کہ اسی طرح کا بے بنیاد دعویٰ 10 روز پہلے پارٹی کے کچھ ارکان نے کیا تھا—فائل فوٹو: ڈان
کالعدم ٹی ٹی پی نے مزید کہا کہ اسی طرح کا بے بنیاد دعویٰ 10 روز پہلے پارٹی کے کچھ ارکان نے کیا تھا—فائل فوٹو: ڈان

کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے اس دعوے کی تردید کی ہے کہ جنوبی وزیرستان کے لوگوں کو ان کے قتل کا ٹاسک دیا گیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کالعدم ٹی ٹی پی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ اس کی جنگ کسی سیاسی شخصیت کے خلاف نہیں بلکہ سکیورٹی فورسز اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے خلاف ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ’ہمیں یہ اطلاع ملی ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے صوبائی ترجمانوں سے ملاقات کے دوران یہ دعویٰ کیا ہے کہ ٹی ٹی پی کی جانب سے ان پر قاتلانہ حملے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور یہ ٹاسک جنوبی وزیرستان کے 2 لوگوں کو سونپا گیا ہے‘۔

کالعدم ٹی ٹی پی نے مزید کہا کہ اسی طرح کا بے بنیاد دعویٰ 10 روز پہلے پارٹی کے کچھ ارکان نے کیا تھا، ہماری جنگ سیاسی شخصیات کے خلاف نہیں سیکیورٹی فورسز اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے خلاف ہے۔

تاہم کالعدم ٹی ٹی پی نے اپنے بیان میں متنبہ کیا کہ اگر سیاست دان اس جنگ کا حصہ بنتے ہیں تو وہ بھی حملوں کا نشانہ بن سکتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں