• KHI: Zuhr 12:26pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:56am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 12:02pm Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:26pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:56am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 12:02pm Asr 3:22pm

اٹلی: کشتی حادثے میں پاکستانی تارکین وطن سمیت 59 افراد ہلاک

شائع February 27, 2023
مانویلا کررا نے کہا کہ یہ کشتی 3 یا 4 روز قبل مشرقی ترکی میں ازمیر سے روانہ ہوئی تھی — فوٹو: اے ایف پی
مانویلا کررا نے کہا کہ یہ کشتی 3 یا 4 روز قبل مشرقی ترکی میں ازمیر سے روانہ ہوئی تھی — فوٹو: اے ایف پی

اٹلی میں مختلف ممالک سے تارکین وطن کو لانے والی کشتی چٹانوں سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں چند بچوں سمیت 59 افراد ہلاک ہو گئے۔

ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق یہ بحری جہاز کئی روز قبل پاکستان، افغانستان، ایران اور کئی دیگر ممالک کے تارکین وطن کے ساتھ ترکیہ سے روانہ ہوا تھا اور اٹلی کے علاقے کلابیریا میں جنوبی ساحل کے قریب طوفانی موسم میں گھِر کر تباہ ہوگیا۔

اٹلی کے صوبے کروٹون کے میئر ونسنزو ووس نے 59 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے جبکہ عہدیدار صوبائی حکومت مانویلا کررا کے مطابق حادثے میں 81 افراد زندہ بچ گئے ہیں، جن میں سے 22 کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

مانویلا کررا نے کہا کہ یہ کشتی 3 یا 4 روز قبل مشرقی ترکیہ میں ازمیر سے روانہ ہوئی تھی، زندہ بچ جانے والوں نے بتایا کہ جہاز میں 140 سے 150 افراد سوار تھے۔

انہوں نے کہا کہ زندہ بچ جانے والوں میں زیادہ تر کا تعلق افغانستان سے ہے، ان میں کچھ پاکستانی اور ایک جوڑا بھی شامل ہے جن کا تعلق صومالیہ سے ہے، مرنے والوں کی قومیتوں کی شناخت مشکل ہے۔

گارڈیا دی فنانزا کسٹم پولیس نے بتایا کہ زندہ بچ جانے والے ایک شخص کو تارکین وطن کی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے، اطالوی ریڈ کراس کے ایک عہدیدار نے کہا کہ کشتی پر سوار بہت کم بچے زندہ بچ سکے ہیں۔

اٹلی کے صدر سرجیو ماتاریلا نے کہا کہ ’ان میں سے اکثر تارکین وطن افغانستان اور ایران سے آئے تھے، جو انتہائی مشکل حالات سے فرار چاہ رہے تھے۔

اٹلی کی وزیر اعظم جارجیا میلونی نے تارکین وطن کی کشتی کے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت مزید سانحات کو روکنے کے لیے غیر قانونی سمندری ہجرت روکنے کے لیے پرعزم ہے۔

ایک علیحدہ بیان میں اطالوی وزیر داخلہ ماتیو پیانٹیڈوسی نے کہا کہ سمندری گزرگاہوں کے ذریعے تارکین وطن کی آمد کو روکنا ضروری ہے، انسانی اسمگلر انہیں یورپ میں بہتر زندگی کے گمراہ کن وعدوں کے ساتھ لے آتے ہیں اور اس طرح کے سانحات کا سبب بنتے ہیں۔

ارجنٹائن میں اطالوی تارکین وطن کے بیٹے اور تارکین وطن کے حقوق کے لیے ایک طویل عرصے سے آواز اٹھانے والے پوپ فرانسس نے کہا کہ وہ حادثے کا شکار کشتی کے ملبے میں لاپتا تمام لوگوں کے لیے دعاگو ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 12 دسمبر 2024
کارٹون : 11 دسمبر 2024