پاکستان کے نوجوان اداکار عمران عباس نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بولی وڈ کی معروف فلم ’عاشقی 2‘ میں اداکاری کی آفر ہوئی تھی تاہم نہیں کرپایا لیکن اب افسوس ہوتا ہے کہ شاید میں یہ فلم کرپاتا۔

ڈیجیٹل پلیٹ فارم اردو فلکس کی جانب سے انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کی گئی جس کی میزبانی پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان کھلاڑی شعیب ملک اور ان کی اہلیہ اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے میزبانی کی۔

ثانیہ مرزا نے سوال پوچھا کہ ’ایک فلم کا نام بتائیں جو آپ کو آفر ہوتی؟‘ جس پر اداکار عمران عباس نے تھوڑا سوچ کر جواب دیا کہ ’عاشقی 2 فلم آفر ہوئی تھی لیکن کسی مسئلے کی وجہ سے نہیں کرپایا، لیکن ہاں! اب بڑا افسوس ہوتا ہے کہ شاید میں یہ فلم کرپاتا‘

عمران عباس نے مزید کہا کہ فلم میں گانا ’تم ہی ہو‘ پسند ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستانی اداکار و گلوکار جنید خان نے بھی دعویٰ کیا تھا ہےکہ انہیں سپر ہٹ فلم ’عاشقی 2‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے کی پیشکش ہوئی تھی۔

اداکار نے بتایا تھا کہ جب اس فلم کے لیے کاسٹنگ ہو رہی تھی تب پاکستان سے 4،3 اداکاروں کا انتخاب کیا گیا تھا جنہیں اس فلم کی آفر ہوئی تھی، ان میں وہ بھی شامل تھے۔

جنید خان کا کہنا تھا کہ بعدازاں بات آگے نہ بڑھ سکی اسی لیے وہ فلم میں دکھائی نہیں دیے۔

واضح رہےکہ بولی وڈ فلم ’عاشقی 2‘ 2013 میں ریلیز ہوئی جو بولی وڈ فلم ’عاشقی‘ کا سیکوئل تھی، جسے 1990 میں ریلیز کیا گیا تھا۔

یہ فلم بالی وڈ کی ان فلموں میں سے ایک تھی جنہیں دنیا بھر میں پسندکیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں