کراچی: مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری

اپ ڈیٹ 17 مارچ 2023
کراچی میں بارش کے ساتھ ژالہ باری — فوٹو: ثوبیہ شاہد
کراچی میں بارش کے ساتھ ژالہ باری — فوٹو: ثوبیہ شاہد

کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش اور ژالہ باری بھی ہوئی ہے۔

کراچی کے ملیر، ماڈل کالونی،ایئر پورٹ، گڈاپ، سرجانی، گلشن اقبال اور گلستانِ جوہر میں بارش اور ژالہ باری ہوئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے چیف ڈاکٹر سردار سرفراز نے کہا کہ بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں بارش اور گرج چمک کے نظام کے باعث شہر کے بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ہے جس کے نتیجے میں شام کے وقت سرجانی ٹاؤن، بحریہ ٹاؤن، گڈاپ اور گلشن حدید میں بارش اور ژالہ باری ہوئی۔

ڈاکٹر سردار سرفراز نے بتایا کہ گلشن حدید میں سب سے زیادہ 21 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس کا مطلب ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں ہلکی بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے سربراہ نے پیش گوئی کی کہ بارش اور ژالہ باری کا یہ سلسلہ 19 اور 20 مارچ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ تیز بارش کا کوئی خطرہ نہیں ہے، آئندہ تین سے چار دنوں تک شہر کے کچھ حصوں میں ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ موسم بہار کی بارش ہے جو وقفے وقفے سے جاری رہ سکتی ہے۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے دو روز قبل اپنی ایڈوائزری میں کہا تھا کہ شہر میں (آج) ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا تھا کہ بلوچستان میں داخل ہونے والی مغربی لہر کے تحت کراچی اور صوبے کے دیگر حصوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا تھا کہ مغربی لہر کے زیر اثر جزوی طور پر ابر آلود موسم کے ساتھ گرد و غبار طوفان کے امکانات ہیں جبکہ شہر کے شمال اور شمال مشرقی مضافات میں ہلکی بارش متوقع ہے جس کی وجہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سیلسیس اور 34 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ نے کہا تھا کہ جمعہ کے روز گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں