سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کا تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان

22 مارچ 2023
جمشید دستی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے زمان پارک میں خصوصی ملاقات کی— فوٹو: محمد علی
جمشید دستی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے زمان پارک میں خصوصی ملاقات کی— فوٹو: محمد علی

سابق رکن قومی اسمبلی اور پاکستان عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید دستی نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

جمشید دستی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے زمان پارک میں خصوصی ملاقات کی جس میں انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کی حقیقی آزادی کی تحریک، تحریک کے سیاسی پروگرام اور چیئرمین عمران خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

چیئرمین تحریک انصاف نے جمشید دستی کی تحریک انصاف میں شمولیت کا خیرمقدم کیا۔

واضح رہے کہ جمشید دستی سے قبل بھی چند اہم شخصیات پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر چکی ہیں۔

گزشتہ اتوار سابق فوجی آمر ضیاالحق کے بیٹے اعجاز الحق نے اپنی جماعت پاکستان مسلم لیگ ضیا کو عمران خان کی جماعت میں ضم کرنے کے بعد پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کردیا تھا۔

اس سے قبل 11 مارچ کو سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ(ن) کے رہنما شیخ وقاص اکرم نے بھی پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تھی۔

گزشتہ ماہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی پاکستان مسلم لیگ(ق) کے 10 دیگر سابق اراکین صوبائی اسمبلی کے ساتھ پی ٹی آئی میں شامل ہو گئے تھے۔

رواں سال جنوری میں مسلم لیگ(ن) راولپنڈی ڈویژن کے صدر سردار ممتاز خان نے بھی باقاعدہ طور پر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں