اسپین: مراکش کی فٹبال ٹیم اور اسلام مخالف توہین آمیز تبصروں پر ہوٹل کا ملازم گرفتار

اپ ڈیٹ 28 مارچ 2023
مراکش کے کوچ نے کہا کہ ہم اسلامی روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس شخص معاف کرتے ہیں— فائل فوٹو: رائٹرز
مراکش کے کوچ نے کہا کہ ہم اسلامی روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس شخص معاف کرتے ہیں— فائل فوٹو: رائٹرز

اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں مراکش کی ٹیم کی میزبانی کرنے والے ہوٹل کے ملازم کو سوشل میڈیا پر اسلام مخالف توہین آمیز تبصروں اور کھلاڑیوں کے خلاف سوشل میڈیا پر نسل پرستانہ الفاظ پوسٹ کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق اسپین کے دارالحکومت میں واقع مشہور فائیو اسٹار ہوٹل یورو اسٹارز ہوٹل ٹاور میں ویٹر کے فرائض انجام دینے والے ملازم نے کھلاڑیوں سے کہا کہ وہ اس کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔

تصویر کھنچوانے کے بعد ملازم نے انہیں انسٹا گرام پر کھلاڑیوں کے حوالے سے نفرت آمیزعبارت کے ساتھ پوسٹ کیا اور ساتھ ساتھ مراکشی ٹیم کے اکاؤنٹ کو بھی ٹیگ کیا جس کے نتیجے میں اس پوسٹ نے فوری طور پر 70ہزار سے زائد اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کی جنہوں نے اسے دیکھا۔

پولیس کے مطابق مذکورہ شخص کو جلد ہی جج کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

یہ ہوٹل ہتوسا گروپ کی زیر ملکیت ہے جس نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم نسل پرستی اور غیرملکیوں سے نفرت کے حوالے سے ان قابل مذمت اور ناقابل قبول تبصروں پر خلوص دل سے معافی چاہتے ہیں۔

گروپ نے بتایا کہ ویٹر ایک بیرونی ملازم تھا جسے ضرورت پڑنے پر کبھی کبھار کام پر رکھا جاتا تھا اور وہ ہوٹل کے باقاعدہ عملے کا حصہ نہیں تھا۔

جب مراکش کی قومی فٹ بال ٹیم کے کوچ ولید رگراگوئی کے کوچ سے اس بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے رمضان کے مقدس مہینے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم نسل پرستی کو قبول نہیں کرتے لیکن یہ دکھانا چاہتے ہیں کہ اسلام رواداری کا مذہب ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اس شخص کو اسلامی تعلیمات اور مراکشی عوام کے رسم و رواج کے مطابق معاف کرتے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ اس شخص نے غلطی کا ارتکاب کیا ہے اور اسے مارش آنے کی دعوت دی تاکہ وہ رمضان میں مسلمانوں کے درمیان ماحول کو دیکھ سکے۔

واضح رہے کہ مراکش کی قومی ٹیم نے گذشتہ ہفتے پر برازیل کو 1-2 سے شکست دی تھی اور وہ فیفا کی عالمی درجہ بندی میں سرفہرست اور پانچ مرتبہ کی عالمی چیمپیئن برازیل کو شکست دینے والی پہلی عرب ٹیم بن گئی تھی۔

مراکش کی ٹیم نے گزشتہ سال قطر میں کھیلے گئے فٹ بال ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں بھی جگہ بنائی تھی اور یہ اعزاز حاصل کرنے والی بھی پہلی عرب ٹیم بن گئی تھی اور بیلجیئم، اسپین اور پرتگال کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنانے والی پہلی افریقی ٹیم بھی بن گئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں