ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے دوران عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں، اسی حوالے سے پاکستان کی معروف شوبز شخصیات نے ملک میں مفت آٹے کی تقسیم کے دوران ہونے والی بھگڈر، بدنظمی اور اموات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

نامور اداکارہ صبا قمر نے واقعے پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ یااللہ رحم، کراچی میں راشن کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے 11 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

گلوکار علی ظفر نے نامور اینکر ماریہ میمن کی ویڈیو کو ری ٹوئٹ کیا جس میں اینکر نے آٹے کی تقسم کے دوران ہونے والی بھگدڑ کی ویڈیو شیئر کی تھی۔

علی ظفر نے لکھا کہ ملک کے حالات دیکھ کر بہت دکھ ہوتا ہے، غریب طبقہ مشکلات کا سامنا کرتا ہے جبکہ امیر طبقہ لڑائی جھگڑوں میں مصروف رہتا ہے، ہم سب کو غریب عوام کی خاطر مل کر کام کرنے کے مشکل صورتحال کا راستہ تلاش کرنا چاہیے۔

اس کے علاوہ شفاعت علی نے ٹوئٹر پر سوال کرتے ہوئے لکھا کہ جب بجلی کا بل غریب کے گھر کے پتے پر ہر مہینے آسکتا ہے تو مفت آٹے کا تھیلا کیوں نہیں پہنچ سکتا؟ غریب کو ایک آٹے کا تھیلا دینے کے لیے میلا لگانے کی ضرورت کیوں پڑتی ہے؟

اسی پر گلوکار علی ظفر نے ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ مدعا ہے کہ یہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ سب کے وقار کا خیال رکھے۔

ادکارہ مایا علی نے بھی اپیل کی ہے کہ مشکل وقت میں ضرورت مندوں کی مدد کریں۔

انسٹاگرام پر اداکارہ مایا علی نے مفت آٹا نہ ملنے پر رونے والے شہری کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے مداحوں سے اپیل کی ہے کہ زیادہ عطیات دیں اور ضرورت مندوں کی مدد کریں۔

اداکارہ نے لکھا کہ میں اپیل کرتی ہوں کہ آپ سب اپنی استطاعت کے مطابق ضرورت مندوں کی مدد کریں اللہ آپ کو اس کا اجر دے گا ان شااللہ۔

خیال رہے کہ دو روز قبل صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں راشن کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچ گئی تھی جس کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

اندوہناک واقعہ کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں واقع فیکٹری میں پیش آیا تھا جہاں راشن کی تقسیم کی جارہی تھی، تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے 3 بچوں اور خواتین سمیت 12 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ متعدد خواتین بے ہوش ہوگئیں۔

دوسری جانب اداکار یاسر حسین نے انسٹاگرام اسٹوری پر پاکستانی کی کرنسی ایتھوپین کرنسی سے نیچے گرنے کی پوسٹ شیئر کی۔

اس پر انہوں نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ ماں صدقے جاؤں، ایتھوپین کرنسی کو اوپر لے آئے، ایسے اچھےلوگ دیکھیں ہیں کہیں؟

تبصرے (0) بند ہیں