ایران: اسکول کی مزید درجنوں طالبات کو زہر دینے کے واقعات

09 اپريل 2023
ایران بھر میں اسکول طالبات میں گزشتہ چند ماہ کے دوران سانس کی تکلیف کے سیکڑوں واقعات رپورٹ ہوئے—فائل فوٹو: ارنا نیوز
ایران بھر میں اسکول طالبات میں گزشتہ چند ماہ کے دوران سانس کی تکلیف کے سیکڑوں واقعات رپورٹ ہوئے—فائل فوٹو: ارنا نیوز

ایران بھر میں طالبات کو زہر دینے کے پراسرار واقعات کا سلسلہ جاری ہے جس نے کئی مہینوں سے ملک کو ہلا کر رکھا ہوا ہے، مقامی میڈیا کے مطابق ہفتے کو متعدد اسکولوں کی مزید درجنوں طالبات کو زہر دیا گیا۔

ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں ایجنسوں کی رپورٹ کے مطابق نومبر کے آخر سے ان کیسز کی لہر میں اضافہ ہوا ہے جہاں اسکولوں کی طالبات کو اسکولوں کے احاطے میں ناخوشگوار بدبو کے بعد بیہوشی، متلی، سانس لینے میں تکلیف اور دیگر علامات کا سامنا کرنا پڑا جن میں سے کچھ کو ہسپتال میں داخل کرکے علاج کرنا پڑا۔

سرکاری ٹی وی کی آئی آر آئی بی نیوز ایجنسی نے بتایا کہ مقامی حکام کے مطابق تیل کی دولت سے مالا مال جنوب مغربی صوبے خوزستان کے شہر ہفتکل میں اسکول کی کم ازکم 60 لڑکیوں کو زہر دیا گیا۔

صوبائی طبی حکام نے نیوز ایجنسی کو بتایا کہ ادبیل کے شمال مغرب میں 5 اسکولوں کی متعدد طالبات کو زہر دیا گیا، متاثرہ لڑکیوں میں بے چینی، سانس میں تکلیف اور سر درد کی علامات دیکھی گئیں۔

آئی ایل این اے نے مزید وضاحت دیتے بغیر رپورٹ کیا کہ مغربی صوبے آذربائیجان کے دارالحکومت ارمیا کے قصبے میں اسکول کی متعدد لڑکیوں کو بیمار ہونے کی وجہ سے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

سرکاری حکام کے اعداد و شمار کے مطابق ملک کے 31 صوبوں کے 25 مقامات کے 230 سے زائد اسکولوں میں 7 مارچ تک 5 ہزار سے زائد طالبات اسی طرح کے زہرسے متاثر ہو چکی ہیں۔

ایم پی حامد رضا کاظمی جو اس قسم کے کیسز کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی جانے والی نیشنل فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے سربراہ ہیں، نے وضاحت کی کہ حتمی رپورٹ دو ہفتوں میں شائع کر دی جائے گی۔

خیال رہے کہ مارچ کے اوائل میں ایران کے دارالحکومت تہران اور دیگر شہروں میں اسکول طالبات کو مبینہ طور پر زہر دیے جانے کے واقعات کے خلاف والدین نے شدید احتجاج کیا تھا۔

ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق حالیہ مہینوں میں اب تک اس غیر واضح بیماری نے اسکول کی سیکڑوں طالبات کو متاثر کیا ہے۔

ایرانی حکام نے خیال ظاہر کیا تھا کہ لڑکیوں کو زہر دیا گیا ہوگا اور انہوں نے اس کا الزام ملک دشمن عناصر پر عائد کیا ہے۔

کچھ سیاستدانوں کا خیال تھا کہ طالبات کو زہر دیے جانے کے پیچھے لڑکیوں کی تعلیم کے مخالف سخت گیر اسلام پسند گروہ ہوسکتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں