امریکی ریاست فلوریڈا میں ہائی اسکول کے طالب علموں سےموت کا تعزیت نامہ لکھوانے اور ملک میں فائرنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات سے متعلق اسائمنٹ دینے پر ٹیچر کو نوکری سے فارغ کردیا گیا۔

ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق فلوریڈا کے شہر میامی کے اورنج کاؤنٹی اسکول ڈسٹرکٹ نے بیان میں کہا ہے کہ ٹیچر نے تشدد سے متعلق نامناسب اسائنمنٹ دیا تھا جس کی وجہ سے انہیں اسکول سے برطرف کردیا گیا ہے۔

برطرف ہونے والے اسکول کے سینئر استاد جیفری کینی نے فیس بک پر اسائنمنٹ کی کاپی شیئر کی جس میں طلبہ سے سوال کیا گیا کہ تصور کریں کہ آج آپ کا دنیا میں زندہ رہنے کا آخری دن ہے تو آپ موت سے متعلق کیا لکھیں گے؟

اسائنمنٹ میں طلبہ سے مزید پوچھا گیا کہ ’سوچیں امریکا میں بڑے پیمانے پر فائرنگ کے واقعات میں اضافہ کیوں ہو رہا ہے اور اس بات پر غور کریں کہ ایسے واقعات کم کرنے کے لیے ہم کس قسم کے اقدامات کر سکتے ہیں؟‘

اسائنمنٹ کے آخر میں نوٹ لکھا گیا کہ یہ سوالات کرنے کا مقصد کسی کو پریشان کرنا نہیں ہے تاہم چند طلبہ نے اسکول کاؤنسلر سے شکایت کر دی ۔

63 سالہ استاد نے وضاحت دیتے ہوئے فاکس نیوز کو بتایا کہ ان سوالات کا مقصد طلبہ کو یہ بتانا تھا کہ دنیا میں کیا اہم ہے، اگر آپ طلبہ کو حقیقت نہیں بتاسکتے اور ان سے حقیقی سوالات نہیں کرسکتے تو پھر ہمارے ماحول میں کیا ہو رہا ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایسے سوالات کرکے کچھ غلط نہیں کیا۔

انہوں نے بتایا کہ وہ برطرفی کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

یاد رہے کہ امریکی ریاست اورلینڈو میں سب سے زیادہ فائرنگ کے واقعات رونما ہوئے ہیں، جون 2016 میں پلس نائٹ کلب میں 29 سالہ مسلح شخص نے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 49 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

جبکہ 2018 میں میامی کے ایک اسکول میں فائرنگ کا بدترین واقعہ پیش آیا جہاں 19 سالہ لڑکے نے فائرنگ کرکے 17 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں