شوبز انڈسٹری کی مقبول اور رومانوی جوڑی عروہ حسین اور فرحان سعید نے تقریبا تین سال بعد پہلی بار ایک ساتھ عید الفطر کے موقع پر متعدد تصاویر شیئر کرکے اپنی طلاق کی افواہیں ختم کردیں۔

دونوں کے درمیان 2020 سے طلاق کی افواہیں جاری تھیں اور گزشتہ تین سال کے دوران دونوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک ساتھ کھچوائی گئی تصاویر شیئر نہیں کی تھیں۔

اس سے قبل دونوں تواتر سے سوشل میڈیا پر ایک ساتھ کھچوائی گئی رومانوی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے رہتے تھے۔

تاہم طلاق کی افواہوں کے بعد دونوں نے کبھی ایک ساتھ تصویر یا ویڈیو شیئر نہیں کی، البتہ دونوں کو متعدد بار پروگرامات یا تقریبات میں ایک ساتھ دیکھا گیا لیکن وہاں بھی دونوں کو ایک دوسرے سے محتاط انداز میں ملتے دیکھا جاتا تھا۔

گزشتہ تین سال کے دوران طلاق کی افواہوں کے بعد دونوں نے متعدد انٹرویوز میں اپنے تعلقات پر بات کرنے سے بھی گریز کیا اور کبھی دونوں نے طلاق یا علیحدگی سے متعلق پوچھے جانے والے سوالوں پر کوئی جواب نہیں دیا تھا۔

لیکن اب دونوں نے عید الفطر کے موقع پر ایک ساتھ کھچوائی گئی رومانوی تصاویر شیئر کرکے اپنی شادی ختم ہونے کی تمام افواہیں ختم کردیں۔

عروہ حسین اور فرحان سعید نے اپنے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ساتھ کھچوائی گئی ایک جیسی تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو عید کی مبارک باد پیش کی۔

تصاویر میں عروہ حسین کو گلابی رنگ جب کہ فرحان سعید کو سفید رنگ کے لباس میں انتہائی خوشگوار موڈ میں دیکھا جا سکتا ہے۔

دونوں تصاویر میں ایک دوسرے سے رومانس بھی کرتے دکھائی دیے۔

دونوں کی جانب سے عید کے موقع پر رومانوی تصاویر شیئر کیے جانے پر جہاں شوبز شخصیات خوش دکھائی دیں، وہیں مداحوں نے بھی انہیں ایک ساتھ دیکھ کر سکون کا سانس لیا اور انہیں مبارک باد پیش کیں۔

متعدد شوبز شخصیات نے بھی دونوں اداکاروں کی پوسٹس پر کمنٹس کرتے ہوئے انہیں نہ صرف عید کی مبارک باد پیش کی بلکہ دونوں کو ایک ساتھ خوشگوار موڈ میں دیکھنے پر بھی انہیں مبارک باد دی۔

مداحوں نے بھی دونوں اداکاروں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ان کے مداح کافی عرصے سے ایسی رومانوی تصاویر کا انتظار کر رہے تھے اور اب ان کے مداح بہت خوش ہیں۔

عروہ حسین اور فرحان سعید نے 22 نومبر 2016 کو اپنی منگنی کا باقاعدہ اعلان کیا تھا، جس کے ایک ماہ بعد دونوں ستارے 16 دسمبر 2016 کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے تھے۔

شادی سے قبل دونوں نجی چینلز ہم ٹی وی کے ڈرامے ’اڈاری‘ اور اے آر وائے کے ڈرامے ’میرے اجنبی‘ میں ساتھ دکھائی دیے تھے اور ان کی جوڑی کافی پسند کی گئی تھی۔

شادی کے بعد بھی دونوں متعدد منصوبوں میں ایک ساتھ دکھائی دیے اور دونوں کی جوڑی کا شمار پاکستان کی مشہور شوبز جوڑیوں میں ہوتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں