ڈیرہ اسمٰعیل خان میں پولیس مقابلہ، سری لنکن ٹیم پر حملے میں ملوث دہشتگرد ہلاک

اپ ڈیٹ 05 مئ 2023
ڈیرہ اسمٰعیل خان کے ڈی پی او عبدالرؤف بابر پریس کانفرنس کررہے تھے — فوٹو: مراد علی خان
ڈیرہ اسمٰعیل خان کے ڈی پی او عبدالرؤف بابر پریس کانفرنس کررہے تھے — فوٹو: مراد علی خان

ڈیرہ اسمٰعیل خان میں پولیس مقابلے کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے کھیارہ گروپ کے سربراہ محمد اقبال سمیت 2 دہشت گرد مارے گئے، مارے جانے والا سربراہ لاہور میں سری لنکن ٹیم پر حملے میں ملوث تھا۔

ڈیرہ اسمٰعیل خان کے ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) عبدالرؤف بابر نے اپنے دفتر میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کل صبح 10 بجے پولیس مقابلے میں مارے جانے والا دہشت گرد کالعدم ٹی ٹی پی کے کھیارہ گروپ کا سربراہ محمد اقبال عرف بالی کھیارہ تھا جبکہ مارے جانے والے دوسرے دہشت گرد کا نام مفتی جاوید ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز ایس ڈی پی او پروا سرکل ملک عابد اقبال پر دفتر جاتے ہوئے فتح موڑ کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس سے ملک عابد اقبال زخمی ہوگئے۔

ڈی پی او نے بتایا کہ اس موقع پر پولیس نے فوری جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگیا، ہلاک ہونے والوں میں خطرناک دہشت گرد محمد اقبال اور مفتی جاوید شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد محمد اقبال عرف بالی کھیارہ سری لنکن ٹیم پر حملے میں بھی ملوث تھا جبکہ وہ دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کی کئی وارداتوں میں صوبہ خیبرپختونخوا اور صوبہ پنجاب پولیس کو مطلوب تھا۔

یاد رہے کہ 2009 میں لاہور میں دہشت گردوں نے پاکستان کے دورے پر آئی سری لنکن ٹیم پر حملہ کردیا تھا جس کے بعد ملک میں تقریباً ایک دہائی تک بین الاقوامی کرکٹ کے درازے بند رہے تھے۔

پولیس افسر کا کہنا تھا کہ اقبال عرف بالی کھیارہ کے سر کی ایک کروڑ 40 لاکھ روپے کی انعامی رقم مقرر کی گئی تھی اور وہ سی ٹی ڈی پولیس ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان کو دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، پولیس اہلکاروں پر حملے اور اغوا برائے تاوان کے 21 جبکہ ملتان پولیس کو 5 مقدمات میں مطلوب تھا۔

حملے میں زخمی ہونے والے ایس ڈی پی او ملک عابد اقبال کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ زخمی دہشت گرد سے بھی تفتیش شروع کردی ہے اور مزید انکشافات بھی متوقع ہے۔

ڈی پی او کا کہنا تھا کہ ڈیرہ اسمٰعیل خان پولیس اپنی قیمتی جانوں کی قربانی دیتے ہوئے دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہے، پولیس کا مورال بلند ہے اور وہ وطن کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

صوابی میں بھی ایک دہشت گرد گرفتار

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔

ڈی پی او صوابی کے مطابق صوابی کے یار حسین پولیس نے دہشت گرد عمران علی عرف عمرہ علی کو اسلحے سمیت گرفتار کرلیا، دہشت گرد کا تعلق ضلع مہمند ایجنسی سے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گرفتار دہشت گرد کاروباری حضرات سے بھتہ خوری کے ساتھ ساتھ ان پر فائرنگ اور دستی بم حملوں میں بھی ملوث تھا اور اس کے خلاف 6 افراد کے قتل کے مقدمات درج ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں