اداکار جاوید شیخ نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے سابق وزرائے اعظم عمران خان اور نواز شریف سمیت سابق صدر آصف زرداری سے قریبی تعلقات ہیں، یہی نہیں بلکہ وہ پرویز مشرف کے ساتھ 3 گھنٹے کی فلم بھی دیکھ چکے ہیں۔

جاوید شیخ نے ’سما ٹی وی‘ کے پروگرام حد کردی میں شرکت کی جہاں انہوں نے میزبان مومن ثاقب کے پُرمزاح سوالات کا جواب دیے۔

’آصف زرداری دوستوں کے دوست ہیں‘

میزبان نے سوال کیا کہ آصف زرداری آپ کو ہیرو بلاتے ہیں، انہوں نے کبھی پارٹی ٹکٹ آفر کی؟

جس پر جاوید شیخ نے انکشاف کیا کہ ان کے سابق وزرائے اعظم نواز شریف، عمران خان اور یہاں تک سابق صدر پرویز مشرف کے ساتھ اچھے اور قریبی تعلقات رہے ہیں۔

جاوید شیخ نے کہا کہ آصف زرداری دوستوں کے دوست ہیں۔

انہوں نے اسی حوالے سے ایک واقعہ سناتے ہوئے کہا کہ 1994 یا 1995 میں جب میں نے اپنی پہلی فلم ’مشکل‘ کی ہدایت کاری کی تو میں نے اس وقت کے وزیراعظم بے نظیر اور آصف زرداری کو بھی دعوت دی تھی۔

جب میں نے آصف زرداری سے درخواست کی تو وہ مجھے وزیراعظم ہاؤس لے گئے، اس دوران آصف زرداری نے خود گاڑی چلائی اور میں ساتھ بیٹھا تھا، تاہم بے نظیر کی حکومت ختم ہونے کی وجہ سے وہ فلم کی افتتاحی تقریب میں نہیں آسکے۔

’نواز شریف کے ساتھ کئی بار کرکٹ کھیلی ہے‘

جاوید شیخ نے نواز شریف کے حوالے سے بتایا کہ نواز شریف اچھے کرکٹر ہیں۔

اداکار کہتے ہیں کہ ’میں نے نواز شریف کے ساتھ کئی بار کرکٹ کھیلی ہے، وہ اچھے کرکٹر ہیں، انہیں کرکٹ کھیلنے کا بہت شوق تھا۔‘

’عمران خان اصولوں پر چلنے والے آدمی ہیں‘

اس کے علاوہ جاوید شیخ نے پی ٹی آئی چیئرمین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اصولوں پر چلنے والے آدمی ہیں۔

جاوید شیخ نے کہا کہ میرے عمران خان کے ساتھ تعلقات 1995 سے ہیں، وہ نڈر اور اصولوں پر چلنے والے شخص ہیں، وہ کسی کو سفارش پر بھی نہیں رکھتے، مجھے ان کی یہی خوبی اچھی لگتی ہے۔

’پرویز مشرف کے ساتھ ایوان صدر میں 3 گھنٹے کی فلم دیکھی‘

جاوید شیخ نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف سے بھی ملنے کا موقع ملا۔

انہوں نے واقعہ بتایا کہ 2002 میں جب میری فلم ’یہ دل آپ کا ہوا‘ ریلیز ہوئی تو صدر کی جانب سے مجھے فون آیا، اور فلم کی پوری کاسٹ کو ایوان صدر آنے کی دعوت دی۔

جاوید شیخ نے کہا کہ جب ایوان صدر گئے تو وہاں صدر، ان کی بیگم اور والدہ سمیت تمام جنرلز اور ان کی بیگمات بھی موجود تھے، ان سب کے ساتھ ہم نے 3 گھنٹے 7 منٹ کی فلم دیکھی۔

جاوید شیخ نے انکشاف کیا کہ پرویز مشروف ہمارے ساتھ فلم دیکھنے کے لیے 4 گھنٹے بیٹھے رہے۔

تبصرے (0) بند ہیں