• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:06pm
  • LHR: Maghrib 5:09pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:11pm Isha 6:36pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:06pm
  • LHR: Maghrib 5:09pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:11pm Isha 6:36pm

اداکار علی رحمٰن خان پہلی بار خواجہ سرا کا کردار ادا کرنے کو تیار

شائع May 21, 2023
— فوٹو: اسکرین شاٹ
— فوٹو: اسکرین شاٹ

پاکستانی فلم ’جوائے لینڈ‘ اور ڈراما ’سرِراہ‘ کے بعد انٹرسیکس/خواجہ سرا جیسے حساس موضوع پر مبنی ایک اور ڈراما پیش کیا جارہا ہے جس میں اداکار علی رحمٰن خان پہلی بار خواجہ سرا کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

ایکسپریس انٹرٹینمنٹ پر نئے آنے والے ڈرامے ’گرو‘ کا ٹیزر جاری کیا گیا ہے، مختصر دورانیے کے اس ٹیزر میں علی رحمٰن کے خواجہ سرا کے کردار کو دکھایا گیا ہے۔

بغیر کسی ڈئیلاگ کے اس ٹیزر میں دکھایا گیا کہ علی رحمٰن پیسوں کی خاطر تقریب میں رقص کر رہے ہیں۔

ٹیزر سے معلوم ہوتا ہے کہ خواجہ سرا کا کردار ادا کرنے والے علی رحمٰن تقریبات میں رقص کرتے ہوئے خوش ہے، لیکن اپنی ذاتی زندگی میں وہ اداس اور غم سے نڈھال ہے۔

اگرچہ ڈرامے میں علی رحمٰن کے کردار کا نام ظاہر نہیں کیا گیا اور نہ ہی ڈراما نشر ہونے کی تاریخ ظاہر کی گئی ہے۔

تاہم ڈرامے کی مرکزی کاسٹ میں علی رحمٰن خان کے علاوہ ژالے سرحدی، حرا خان، عمر عالم شامل ہیں۔

ٹیزر جاری ہونے کے بعد شائقین بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں کہ اتنے حساس موضوع کو ڈرامے میں کس طرح پیش کیا گیا ہے۔

یہ ڈراما شازیہ وجاہت رؤف نے پروڈیوس کیا ہے جبکہ بلاول حسین عباس نے ہدایت کاری کے کام سرانجام دیے ہیں،

شازیہ وجاہت نے انسٹاگرام پر علی رحمٰن خان کے کردار کا پوسٹر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے فخر ہے کہ علی رحمٰن خان نے چیلنجنگ کردار کو نبھایا، انہوں نے شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ آپ نے تمام رکاوٹوں کو توڑ کر مکمل طور پر نیا کردار اپنایا ہے جہاں بہت سے لوگ ایسا کرنے کے لیے دو بار سوچتے ہیں‘۔

شازیہ نے لکھا کہ یہ ڈراما خواجہ پر مبنی ہے، جس کی کہانی انتہائی دلچسپ ہے۔ انہوں نے اہم موضوع کو منتخب کرنے پر چینل کا بھی شکریہ ادا کیا جسے معاشرے میں متنازع سمجھا جاتا ہے۔

علی رحمٰن خان کے ساتھی اداکاروں اور ساتھیوں نے سوشل میڈیا پر اداکار کے کردار کی تعریف بھی کی۔

ہانیہ عامر نے ٹیزر کو انسٹا اسٹوری پر شئیر کرتے ہوئے علی رحمٰن خان کو بہادر، باصلاحیت دوست قرار دیتے ہوئے لکھا کہ میں اس وقت تک انتظار نہیں کر سکتی جب تک ہر کوئی آپ کی ناقابل یقین کارکردگی کو نہیں دیکھتا۔

اداکارہ کومل میر اور زارا نور عباس، کبریٰ خان نے بھی علی رحمٰن خان کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’غیر معمولی‘ کردار کرنے پر انہیں اداکار پر فخر ہے۔

خواجہ سرا کا کردار ادا کرنے والے علی رحمٰن خان پہلے اداکار نہیں ہیں بلکہ اداکار منیب بٹ بھی ایسا ہی ایک کردار ادا کرچکے ہیں۔

ڈراما سیریل ’سرراہ‘ اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر ہوا تھا جسے ناظرین کی جانب سے بے حد سراہا گیا تھا، اس ڈرامے کی کہانی بھی خواجہ کے کردار پر مبنی تھی۔

ڈرامے میں خواجہ سرا کا کردار منیب بٹ نے ادا کیا تھا جبکہ مرکزی کاسٹ میں صبا قمر، صبور علی، حریم فاروق، سنیتا مارشل شامل تھے۔

عدیل بھٹی کی ہدایت کاری میں بننے والے اس ڈرامے میں متعدد سماجی مسائل اجاگر کیے گئے تھے، اس کے علاوہ صنفی برابری اور خواجہ سرا لوگوں سے متعلق مسائل کو بھی اجاگر کیا گیا تھا۔

یہی نہیں بلکہ گزشتہ سال پاکستانی فلم ’جوائے لینڈ‘ بھی ریلیز کی گئی تھی۔

ہدایت کار، لکھاری و اداکار صائم صادق کی فلم ’جوائے لینڈ‘ کو ریلیز سے قبل ہی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس پر پابندی بھی عائد کی گئی اور کئی جگہ پر احتجاج بھی ہوا۔

شدید تنقید کے باوجود اس فلم کو عالمی سطح پر متعدد ایوارڈز بھی ملے جن میں ’کانز فلم فیسٹیول میں ’کوئیر پام‘ ایوارڈ بھی شامل ہے۔

علاوہ ازیں مذکورہ فلم کو ’ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول‘ سمیت دیگر عالمی میلوں میں بھی پیش کیا جاچکا ہے اور فلم نے دیگر عالمی ایوارڈز بھی اپنے نام کر رکھے ہیں۔

’جوائے لینڈ‘ کی کہانی ایک ایسے نوجوان کے گرد اور مخنث ڈانسر کے گرد گھومتی ہے جو ڈانس کلب میں کام کرنے کے دوران ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہو جاتے ہیں۔

فلم کو کہانی کے اچھوتے موضوع کی وجہ سے کافی سراہا گیا اور پاکستان جیسے معاشرے میں معیوب سمجھے جانے والے موضوع پر فلم بنانے کی وجہ سے ہی اس کی ٹیم کو اعلیٰ ترین عالمی ایوارڈ دیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 6 نومبر 2024
کارٹون : 5 نومبر 2024