آئی سی سی کے اعلیٰ حکام کو پاکستان کرکٹ ’نئی بلندیوں‘ تک پہنچنے کی امید

اپ ڈیٹ 02 جون 2023
نجم سیٹھی نے انٹرنیشنل کرکٹ گورننگ باڈی کے اجلاس کے موقع پر آئی سی سی  حکام کو دورے کی دعوت دی تھی — فوٹو: آئی سی سی
نجم سیٹھی نے انٹرنیشنل کرکٹ گورننگ باڈی کے اجلاس کے موقع پر آئی سی سی حکام کو دورے کی دعوت دی تھی — فوٹو: آئی سی سی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین گریگ بارکلے نے ’بہترین سہولیات‘ اور عالمی کرکٹ کی میزبانی کی صلاحیت کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان کرکٹ کی ’نئی بلندیوں‘ تک پہنچنے کی امید کا اظہار کیا۔

گریگ بارکلے اور آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو جیف ایلارڈائس ان دنوں پی سی بی کی عبوری مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں کے لیے پاکستان کے 2 روزہ دورے پر موجود ہیں۔

ڈان کے مطابق نجم سیٹھی نے گزشتہ ماہ دبئی میں انٹرنیشنل کرکٹ گورننگ باڈی کے اجلاس کے موقع پر آئی سی سی کے اعلیٰ حکام کو ملک کا دورہ کرنے کی دعوت دی تھی۔

گریگ بارکلے اور جیف ایلارڈائس نے اپنے دو روزہ دورے کے دوران قومی کرکٹ اکیڈمی، لاہور قلعہ، لاہور میوزیم، مینار پاکستان اور سیف سٹی پروجیکٹ کا بھی دورہ کیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ٹوئٹر پیج پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں گریگ بارکلے نے کہا کہ انہیں پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی سوچ یہ ہے کہ آئی سی سی کے تمام رکن ممالک کا دورہ کیا جائے اور دیکھا جائے کہ ہر رکن ملک میں کرکٹ اور اس کے انتظامی معاملات اس کے دائرہ اختیار کے تحت کس طرح چلائے جارہے ہیں کیونکہ ہر ملک اپنے سائز، معیشت اور کرکٹ کی درجہ بندی کے اعتبار سے دوسرے سے مختلف ہے۔

گریگ بارکلے نے پاکستان میں کرکٹ کی سہولتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ سہولتیں اور کرکٹ سے متعلق پروگرام بہت زبردست ہیں، اب چونکہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس آچکی ہے لہٰذا پاکستان کرکٹ بورڈ دوطرفہ کرکٹ کے انتظامات کے سلسلے میں کامیابی کے ساتھ اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کی مرد اور خواتین کرکٹ کو اگلے درجے پر دیکھیں گے اور کمرشل نقطہ نظر سے بھی اس کے مثبت اثرات نظر آئیں گے۔

گریگ بارکلے نے کہا کہ انہیں مرد اور خواتین کرکٹ کی ترقی اور انتظامی سطح پر اس کی منصوبہ بندی سے متعلق جو بریفنگ دی گئی اس سے وہ بہت خوش ہوئے ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ عالمی سطح پر مقابلوں میں شرکت اور کامیابیوں کے تناظر میں صلاحیت کے اعتبار سے پاکستان کی خواتین کرکٹ کا مستقبل بہت اچھا ہوگا۔

گریگ بارکلے کا کہنا ہے کہ انہوں نے پاکستان کے دورے میں جو کچھ دیکھا ہے اس سے وہ بے حد متاثر ہوئے ہیں، جیسا کہ آئی سی سی کے نقطہ نظر سے ہم اس کھیل کو دنیا بھر میں وسعت دینا چاہتے ہیں اس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی موجودگی خوشی کا باعث ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ اور آئی سی سی کے ڈائریکٹر نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ وہ اس دورے کے لیے گریگ بارکلے اور جیف ایلارڈائس کے شکر گزار ہیں۔

اس دورے نے آئی سی سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو اپنے خیالات اور آئیڈیاز کے تبادلے کا موقع فراہم کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ، آئی سی سی کے ساتھ بات چیت کو جاری رکھنے اور گلوبل حکمت عملیوں اور منصوبوں کے معاملے میں ساتھ کام کرنے پر یقین رکھتا ہے کیونکہ یہ نہ صرف تمام رکن ممالک کے بہترین مفاد میں ہیں بلکہ ان سے اس مشترکہ مقصد کو حاصل کرنے میں بھی مدد ملے گی جس کا مقصد کرکٹ کو مزید فروغ دیتے ہوئے نئے دیکھنے والوں کو اپنی جانب متوجہ کرنا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں