وزیراعظم شہباز شریف کی ترک کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت

اپ ڈیٹ 04 جون 2023
شہباز شریف ترک صدر رجب طیب اردوان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے ترکیہ پہنچے — فوٹو: ٹوئٹر/پی ایم آفس
شہباز شریف ترک صدر رجب طیب اردوان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے ترکیہ پہنچے — فوٹو: ٹوئٹر/پی ایم آفس

وزیر اعظم شہباز شریف نے ترک سرمایہ کاروں اور تاجروں کو پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت دے دی۔

ڈان اخبار میں شائع سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے ترکیہ جانے والے وزیر اعظم شہباز شریف نے وہاں متعدد کمپنیوں کے نمائندوں سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

انادولو گروپ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے اور پاکستانی لوگوں کو ملازمتیں فراہم کرنے پر اس گروپ کی حوصلہ افزائی کی۔

علاوہ ازیں انہوں نے توانائی، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور تعمیرات کے شعبوں میں اسٹریٹجک تعاون قائم کرنے پر زور دیا۔

ان ملاقاتوں کا محور تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو وسعت دینے پر ہی مرکوز رہا تاکہ پاکستان میں دستیاب مواقع سے زیادہ سے زیادہ باہمی فائدے سمیٹے جاسکیں اور ترکیہ کے کاروباری اداروں کی براہ راست موجودگی اور پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ مشترکہ منصوبوں کے ذریعے معیشت کے اہم شعبوں میں تعاون کو بڑھایا جاسکے۔

یاد رہے کہ دونوں ممالک کی جانب سے گزشتہ برس اگست میں تاریخی ’ٹریڈ ان گڈز ایگریمنٹ‘ پر دستخط کیے جانے کے بعد (جو یکم مئی سے شروع ہوا) سے دونوں ممالک کے درمیان روایتی اور غیر روایتی مصنوعات کی تجارت کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔

وزیر اعظم نے ان مواقع سے مؤثر استفادہ کرنے کے لیے ترک کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں اور انہیں مکمل سہولت اور سازگار کاروباری ماحول کی یقین دہانی بھی کراوئی۔

وزیراعظم نے ترکیہ کی سرکردہ کمپنیوں سے بھی ملاقاتیں کیں جن میں آرسیلک، زورلو، البیرک، لیماک، ڈولسر، انادولو گروپ، ترک کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن اور پاک یتریم شامل ہیں۔

ترک کمپنیوں نے وزیراعظم کو سرمایہ کاری کے لیے اپنے موجودہ اور مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا، زورلو گروپ کے سنان اک کے ساتھ ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے ہوا اور شمسی توانائی سے متعلق منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔

البیرک گروپ کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز احمد البیرک نے وزیراعظم کو سستے ہاؤسنگ پروجیکٹس، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، کچرے سے بجلی کی پیداوار اور ٹریکٹر انڈسٹری میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کے بارے میں بتایا، وزیراعظم نے البیرک گروپ کے منصوبوں کو سراہا۔

ترک کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملک کے تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

چیئرمین ڈولسر انجینئرنگ عرفان آکر نے وزیراعظم سے ملاقات کے دوران پاکستان کے توانائی اور تعمیراتی شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

چیئرپرسن لیماک ہولڈنگز ایبرو اوزدیمیر نے وزیر اعظم شہباز شریف سے توانائی، انفرااسٹرکچر، سیاحت اور تعمیرات سمیت پاکستان کے متنوع شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات تلاش کرنے کے لیے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران بتایا گیا کہ ایبرو اوزدیمیر جلد ہی ایک وفد کے ساتھ پاکستان کا دورہ کریں گے تاکہ وہ متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے براہ راست بات چیت کریں اور پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو وسعت دینے کے لیے مشترکہ منصوبوں کو حتمی شکل دے سکیں۔

ایبرو اوزدیمیر نے ایک منفرد اور متاثر کن پروجیکٹ گلوبل انجینئر گرلز کی تفصیلات شیئر کیں جوکہ خواتین انجینئرز کی اگلی نسل کو متاثر کرنے اور لڑکیوں اور خواتین کو تعلیم، رہنمائی اور کیریئر کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ایک عالمی سطح کا انسان دوست اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان میں لڑکیوں اور خواتین کو سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی میں تجربہ حاصل کرنے اور کیریئر بنانے کے قابل بنائے گا۔

چیئرمین پاک یاتریم اور صدر ڈی ای آئی کے نیل اولپاک نے وزیراعظم سے ملاقات کے دوران ملک کی قابل تجدید توانائی اور تعمیراتی شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

صدر ڈی ای آئی کے نے وزیراعظم کو ترک کمپنیوں کے پاکستان میں سرمایہ کاری کے ارادوں سے آگاہ کیا، وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں سرمایہ کاری کی خواہش کا خیرمقدم کیا۔

اجلاس میں وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید بھی موجود تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں